پشاور میں متعین امریکی قونصل جنرل اور USAIDمشن کی وزیراعلی خیبرپختونخوا سے ملاقات،صوبائی حکومت نے وزیرستان کے دس لاکھ آئی ڈی پیز کی مہمان نوازی کا بندوبست کر لیا ہے، وزیر اعلیٰ ، ہمیں سب سے زیادہ فکر انکی صحت اور علاج با لخصوص ننے بچوں کی مناسب نگہداشت کی ہے اور ہمیں ہر وقت یہ فکر لاحق رہتی ہے کہ خدانخواستہ انکے کسی کیمپ میں کوئی وباء نہ پھوٹ پڑے اور علاج کی ناکافی سہولیات کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہونے پائے،پرویزخٹک

جمعہ 25 جولائی 2014 22:36

پشاور میں متعین امریکی قونصل جنرل اور USAIDمشن کی وزیراعلی خیبرپختونخوا ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جولائی۔2014ء) اسلام آباد میں متعین ارجنٹائن کے سفیر ، پشاور میں متعین امریکی قونصل جنرل اور USAIDمشن نے اپنے سفارتی عملے کے ہمراہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے KPہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں خیبر پختونخوا میں مواصلات اور ٹیلی کمیونیکیشن سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور امداد کی پیش کش کی جبکہ انہوں نے شمالی وزیرستان کے لاکھوں آئی ڈی پیز کی صوبے میں مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں کسی صوبائی حکومت اور عوام کی طرف سے اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین کے قیام اور کفالت کی مثال نہیں ملتی جس پر انہوں نے صوبائی حکومت اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا وزیراعلیٰ نے ان کے نیک تاثرات اور تعاون کی پیش کش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے وزیرستان کے دس لاکھ آئی ڈی پیز کی مہمان نوازی کا بندوبست کر لیا ہے مگر ہمیں سب سے زیادہ فکر انکی صحت اور علاج با لخصوص ننے بچوں کی مناسب نگہداشت کی ہے اور ہمیں ہر وقت یہ فکر لاحق رہتی ہے کہ خدانخواستہ انکے کسی کیمپ میں کوئی وباء نہ پھوٹ پڑے اور علاج کی ناکافی سہولیات کی وجہ سے قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہونے پائے لہٰذا اس ضمن میں ہمیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر فلاح اداروں اور دوست ممالک کے تعاون کی اشد ضرورت ہے.

خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی، وزیر تعلیم محمد عاطف خان، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب ، منصوبہ بندی و ترقیات، تعلیم، صحت، آئی ٹی، مواصلات، آبپاشی و آبنوشی اوردیگر متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹری اور حکام بھی ان مواقع پر موجود تھے ارجنٹائن کے سفیر روڈولفو مارٹن سراویا نے اپنے ہمراہ سفارتی عملے کے علاوہ ارجنٹائن کی مستحکم ٹیلی کام کمپنی آئی کونڈور کے چیئرمین اوبے اتاسی کا تعارف وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے کراتے ہوئے ٹیلی کام سمیت مختلف شعبوں میں صوبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی جس کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا بیش بہا قدرتی وسائل اور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے ارجنٹائن کے سرمایہ کار یہاں کی معدنیات، سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرکے ترقی کے مشن میں ہمارا ساتھ دے سکتے ہیں انہوں نے ٹیلی کام کمپنی کی خدمات آئی کونڈور کی خدمات سے استفادے کیلئے متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کو موقع پر احکامات جاری کئے .

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیلی کام اور تھری جی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر نہ صرف اپنے شہروں اور دیہات کو وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک کرنا چاہتی ہے بلکہ ای ہیلتھ اور ای لرننگ کو فروغ دینے کی متمنی ہے تا کہ ہمارے غریب عوام کو علاج کیلئے دور دراز ہسپتالوں کے سفر اور تکالیف سے نجات ملے اور وہ نہ صرف ایمرجنسی بلکہ عمومی امراض کے علاج میں بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید طریقہ کار اور طبی سہولیات سے گھر بیٹھے مستفید ہوں اسی طرح ہمارے طلبا کو گھر اور سکول و کالج ہر جگہ علم و حکمت کے خزانے میسر ہوں امریکی قونصل جنرل جبرائیل اسکوبر اور USAIDکے ڈپٹی مشن گریگری یوگر اور دیگر مشن حکام سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے ان کی امداد کی پیش کش کے جواب میں صوبے میں USAIDکے پہلے سے جاری منصوبوں کے علاوہ دیہی سڑکوں کی تعمیر اور سوات ایکسپریس وے اور پشاور ماس ٹرانزٹ جیسے میگا پراجیکٹس میں تعاون کی درخواست کی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے دیہی سڑکوں کی تعمیر کے ہمہ گیر پروگرام کیلئے اگلے ہفتے وزیراعلیٰ سے ملاقات کا عندیہ دیا انہوں نے بتایا کہ USAID چار سو میگا واٹ کی مجموعی بجلی پیداوار کے دو منصوبوں الائی خوڑ اور دوبیر خوڑ، 85میگا واٹ بجلی پیداوار کے منصوبے کرم تنگی ڈیم، آبپاشی کے منصوبوں گوم زام ، منڈا اور امان درہ کمانڈ ایریاز، سوات یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر کے علاوہ بجلی کے ڈسٹری بیوشن نظام کی بہتری کی کئی سکیموں پر عمل پیرا ہے جو تکمیل کے مختلف مراحل میں ہے انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے کرپشن کے خاتمے، محکموں کی اصلاح اور سٹریٹیجک پارٹنرشپ کے تحت غیر ملکی امداد کے شفاف استعمال سے متعلق اقدامات کو بطور خاص سراہتے ہوئے کہا کہ اس کی بدولت خیبر پختونخوا ملکی او ر غیر ملکی سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا.

پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام سے کئے گئے ہر انتخابی وعدے کی تکمیل اور تبدیلی کے ایجنڈے پر کار فرما ہے ہم عوام کو فوری و سستے انصاف کی فراہمی اور میرٹ و قانون کی بالا دستی یقینی بنانا چاہتے ہیں تا کہ غریب اور امیر کا فرق ختم ہو اور سب لوگ اکٹھے ترقی کر سکیں ہماری حکومت کے آغاز میں تمام محکمے زبوں حالی کا شکار تھے اور انکی کارکردگی صفر کے لیول پر آگئی تھی مگر ہم نے ان میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے علاوہ سیاسی عدم مداخلت کی پالیسی اختیار کی جس کی بدولت ہر محکمہ بہتری کی راہ پر گامزن ہے آج ہماری پولیس دنیا کی بہترین پولیس بن گئی ہے جس نے جانوں کے نذرانے دے کر صوبے میں قیام امن کی راہ ہموار کی اسی طرح تعلیمی اور طبی ادارے بھی بہتر ہو رہے ہیں جہاں عملے کی حاضری اور سہولیات کی دستیابی کیلئے بہترین مانیٹرنگ نظام وضع کیا گیا ہے ڈیوٹا کے نام سے خود مختار فنی تعلیمی ادارہ قائم کیا گیا ہے صنعتی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں شاہراہوں کی حالت بہتر بنائی جا رہی ہے کنسلٹنٹ کے تقرر کی وجہ سے تعمیراتی محکموں میں کرپشن اورکمشن مافیا کا خاتمہ ہو رہا ہے اور ان میں جدید سائنسی طریقے اپنائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم صوبے میں آبپاشی اور زراعت کی ترقی کو بھی سائنسی بنیادوں پر استوار کریں گے اور کاشتکاروں کو پانی کے دستیاب وسائل کے دانشمندانہ استعمال اور زرعی ترقی کی تربیت اور شعور فراہم کرینگے انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوست ممالک اور امدادی ادارے اس ضمن میں ہماری ترجیحات اور ضروریات کا خیال رکھیں گے تا کہ وسائل کا شفاف اور منصفانہ استعمال یقینی بنایا جائے اور ان کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچایا جا سکے مشن میں صوبائی حکومت کی ترجیحات کے مطابق تمام جاری اور نئے منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچانے کا یقین دلایا�

(جاری ہے)