نوجوان لنگوروں کابھیس بناکر بندروں کو بھگاتے ہیں،بھارتی وزیرشہری ترقی کا انکشاف

جمعہ 1 اگست 2014 20:37

نوجوان لنگوروں کابھیس بناکر بندروں کو بھگاتے ہیں،بھارتی وزیرشہری ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1اگست۔2014ء)بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں صدارتی محل اور پارلیمنٹ کے آس پاس کے علاقوں سے بندروں کو بھگانے کے لیے لنگوروں کا بھیس بدل کر سامنے آنے والے انسانوں کی خدمات حاصل کرلی گئیں،بھارتی میڈیاکے مطابق شہری ترقی کے وفاقی وزیر وینکیا نائڈو نے راجیہ سبھا میں بتایاکہ نئی دہلی کے بہت سے علاقوں میں بندروں نے لوگوں کی زندگی مشکل بنا رکھی ہے لیکن وسطی دہلی میں صورتحال کافی زیادہ خراب ہے اور حکومت کے مطابق لنگوروں کے پالنے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد سے اب تربیت یافتہ نوجوان لنگوروں کا بھیس بناکر یہ کام انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک تحریری جواب میں نائڈو نے کہا کہ بندروں کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے فی الحال نئی دہلی میونسپل کارپوریش نے چالیس تربیت یافتہ نوجوانوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو لنگوروں کابھیس بناکر بندروں کو بھگاتے ہیں ،بندروں کو ڈرانے کے لیے پلاسٹک کی گولیوں والی بندوقیں بھی خریدی گئی ہیں۔