Live Updates

عمران خان نے 14اگست کے آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے پنجاب کی قیادت کو ہدایات جاری کر دیں

ہفتہ 2 اگست 2014 18:41

عمران خان نے 14اگست کے آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے پنجاب کی قیادت ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری کو 14اگست کے آزادی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈر ز ملکر رجسٹریشن کیمپ کا انتظام کریں گے ،ایک قومی اسمبلی کے حلقے میں چار کیمپ قائم کیے جائیں گے، ہر قومی اسمبلی میں دو اور صوبائی اسمبلی میں ایک کیمپ لگایا جائے گا، کیمپ میں شامیانے کے علاوہ کرسیاں اور میز ہو نگے، ساؤنڈ سسٹم کا انتظام کیا جائے گا ،پارٹی کے ترانے ،پرچم اور 14 اگست کے آزادی مارچ میں شرکت کرنے والوں کی فہرستیں بنائی جائیں گی ، ہر روز کیمپ سے ایک موٹر سائیکل ریلی نکالی جائے گی تا کہ ایک فضا تیار کی جائے اور تمام افراد کو آزادی مارچ کا حصہ بنایا جائے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اعجاز چوہدری کو یہ ہدایات ایک خط کے ذریعے جاری کیں ۔ عمران خان کی طرف سے جاری خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف پنجاب قیادت کو انصاف یوتھ ونگ اور انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن سے ہمیشہ کی طرح ایک اچھی کارکردگی کی امید ہے ،14اگست کے آزادی مارچ میں ایک لاکھ موٹر سائیکل سواروں کا ہر اول دستہ تیا ر کرنا مقصود ہے ، ہر ضلع اور تحصیل کی سطح پر نوجوانوں کو تیا ر کیا جائے اس کام کے لئے انصاف یوتھ ونگ اور انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کی خدمات حاصل کی جائیں ۔

بسوں ،گاڑیوں ،ٹرکوں اور کاروں کا انتظام ابھی سے کر لیا جائے تاکہ وقت آنے پر دشوواری نہ ہو ۔دور دراز اضلاع کے افراد اس طرح سفر پر روانہ ہوں کہ بر وقت منزل مقصود تک پہنچ جائیں اور جناب چئیرمین عمران خان کی قیادت میں کارواں کا حصہ بنیں۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کے منفی ہتھکنڈوں سے ہوشیار رہیں اور دوستوں کے ساتھ مل کر صورت حال کا مقابلہ کریں ،اور صوبائی دفتر کا آگاہ کرتے رہیں۔

کیمپ کی نگرانی اور دیگر تیاریوں کے لئے ایک مانٹیرنگ ٹیم بنائی جا رہی ہے جو اس کی تیاری کا جائزہ لے گی تاکہ افراد کی کارکردگی کا ریکارڈ تیار کیا جائے۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن مرحلہ ہے اس جدو جہد کے نتیجے میں حقیقی جمہوریت اور حقیقی آزادی حاصل ہو گی اس لیے کوئی بھی اس جدو جہد سے الگ نہ رہے اور تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائے۔تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری نے عمران خان کی طرف سے دی گئی ہدایات تمام ریجنل صدور و جنرل سیکرٹری ،سٹیک ہولڈرز،ایم این ایز و ایم پی ایز اور پنجاب بھر کے ڈسٹر کٹ صدور کو ارسال کر دی ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات