پی سی بی آئی پی ایل ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کرانے کا فیصلہ

بدھ 6 اگست 2014 15:53

پی سی بی آئی پی ایل ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کرانے کا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اگست۔2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ پاکستان سپر لیگ کو انڈین پر یمیئر لیگ کی طرز پر آؤٹ سورس کردیا جائے۔ آئی پی ایل کے ماڈل کو سامنے رکھ کر پی سی بی کا منصوبہ تکمیل کی جانب گامزن ہے۔البتہ یہ بھارتی لیگ کے مقابلے میں بہت چھوٹا پروجیکٹ ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس غیر ملکی کمپنی سے رابطہ کیا ہے جو انڈین پر یمیئر لیگ میں انتظامات کی ذمے دار ہے۔

اس غیر ملکی کمپنی گراؤنڈز اور سیکیورٹی کے علاوہ تمام انتظامات سونپے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان دبئی کے ایک کمپنی جو پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہے اس کا مقابلہ ایک پاکستانی کمپنی سے ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ،پاکستان سپر لیگ کے بنڈل رائٹس فروخت کرکے صرف انتظامات کو مانیٹر کرے گا۔

(جاری ہے)

جو بزنس ہاؤس پاکستان سپر لیگ کے حقوق پندرہ سال کے لئے خریدے گا اسے پانچ سے دس ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنا پڑے گی۔

پاکستا ن سپر لیگ کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی تیاریاں جاری ہیں تاہم آئندہ سال یہ ٹورنامنٹ ورلڈ کپ سے قبل ہوگا۔پی سی بی کو یقین ہے کہ وہ بڑے کھلاڑیوں کو متحدہ عرب امارات لا کر ٹورنامنٹ کو کامیاب بنائیں گے۔اس سلسلے میں کئی کھلاڑیوں سے ان کی ایجنٹوں کی مدد سے بات چیت ہوئی ہے۔پاکستان سپر لیگ کے سابق سربراہ سلمان سرور بٹ اب ایک کمپنی کے لئے مشیر کاکام کررہے ہیں۔وہ کمپنی پی سی بی سے حقوق حاصل کرنا چاہتی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک سابق جنرل منیجر مارکیٹنگ طارق حکیم بھی مشاروت میں پیش پیش ہیں۔اب اصل مقابلہ چھ میں سے دو بڑی کمپنیوں کے درمیان ہے۔