Live Updates

مسلم لیگ (ن) کی عوامی تحریک کے یوم شہدا اور تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنےکے لیے انوکھی پالیسی ‘ پنجاب بھر میں 70فیصد سے زائدپیٹرول پمپس بند کروادئیے گئے

ہفتہ 9 اگست 2014 19:54

مسلم لیگ (ن) کی عوامی تحریک کے یوم شہدا اور تحریک انصاف کے لانگ مارچ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9اگست 2014ء) مسلم لیگ (ن)ْ نے عوامی تحریک کے یوم شہدا اور تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے انوکھی پالیسی اختیار کی ہے اور پنجاب بھر میں 70فیصد سے زائدپیٹرول پمپس بند کروادئیے گئے ہیں جبکہ باقی ماندہ پیٹرول پمپس پر خاص مقدار سے زیادہ پیٹرول فراہم نہیں کیا جارہا ‘ لاہور اسلام اباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں پٹرول پمپ بند ہونے سے شہریوں کو پیٹرول کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور میں پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں میں جھڑپوں کے بعد پنجاب کے متعدد شہروں میں بیشتر پٹرول پمپ بند ہو گئے جس کے باعث شہریوں کو پیٹرول کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم پٹرولیم ڈیلرایسویشن نے موقف اختیار کیا ہے کہ غیریقینی صورت حال کے باعث پٹرول کی کھپت بڑھ گئی ہے‘پٹرول پمپس پر پٹرول کی فراہمی بند ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

پٹرول نہ ہونے کے باعث کئی گاڑیاں راستے میں ہی بند ہو گئیں جس سے شہریوں کو دوہری اذیت کا سامنا رہا۔ اسی طرح کئی شہریوں کولمبی قطار کے بعد بھی پٹرول نہ مل سکا۔ کہا جا رہا ہے کہ لاہور میں داخلی اور خارجی راستوں پر رکاوٹوں کے باعث پٹرول کی ترسیل پر اثر پڑا ہے۔ شہر کے اکثر پٹرول پمپس کے پاس تیل کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے۔ امن واما ن کی غیر یقینی صورتحال کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔

ملتان میں بھی پٹرول پمپس سے سپلائی معطل ہے جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پٹرول کی سپلائی میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ غیریقینی صورت حال کیباعث پٹرول کی کھپت بڑھ گئی ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کل تک صورت حال بہترہوجائیگی -

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات