میکڈونلڈز پاکستان نے بھی باسی گوشت بیچنے والی چینی کمپنی سے گوشت خریدا

ہفتہ 9 اگست 2014 22:17

میکڈونلڈز پاکستان نے بھی باسی گوشت بیچنے والی چینی کمپنی سے گوشت خریدا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اگست۔2014ء) باسی اور ایکسپائر گوشت استعمال کرنے کا اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد میکڈونلڈز کی سیلز دنیا بھر میں متاثر ہوئی ہے۔ میکڈونلڈز پاکستان نے بھی باسی گوشت بیچنے والی چینی کمپنی سے گوشت خریدا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فوڈ چین2014 میں فروخت کا سالانہ ہدف پورا نہیں کرسکے گی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں یورپ کے سوا پوری دنیا میں مکڈونلڈز کی فروخت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

فوڈ ماہرین کا کہنا ہے کہ مکڈونلڈز کو اگر پھر سے اپنے صارفین کا اعتماد جیتنا ہے تو محض نمائشی اقدامات سے کام نہیں چلے گا بلکہ انہیں بنیادی امور کی طرف پھر سے توجہ دینا ہوگی۔ مکڈونلڈز کو خصوصاً ایشیا میں زیادہ خراب صورت حال کا سامنا ہے جہاں فوڈ سیفٹی اسکینڈل سامنے آیا جس نے پوری دنیا میں مکڈونلڈز کی سیل کو متاثر کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ اسکینڈل چین میں اس وقت سامنے آیا جب مکڈونلڈز کو گوشت سپلائی کرنے والی حوسی کمپنی کے اہل کار زائد المعیاد گوشت پر نئی تاریخوں کے لیبل لگاتے ہوئے پکڑے گئے۔

فوڈ کنسلٹنگ کمپنی ٹیکنومِک کے نائب صدر ڈیوڈ ہینکیز کا کہنا ہے کہ ایشیا میں انہیں سپلائی کے مسائل کا سامنا ہے اور اس لیے گوشت کے محفوظ ہونے سے متعلق صارفین کا اطمینان یقینی طور پر پہلا قدم ہے۔ ایک اخباری رپورٹ کے مطابق پاکستان کسٹمز کے ریکارڈ سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ میکڈونلڈز پاکستان نے بھی حوسی کمپنی سے گوشت خریدا تھا جسے چین میں بین کر دیا گیا ہے۔ میکڈونلڈز نے پابندی کی شکار چینی کمپنی سے مئی میں 41ٹن اور جون میں 71ٹن چکن مصنوعات درآمد کیں۔ اس کے علاوہ مختلف حلقوں کی جانب سے یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ چینی کمپنی میں کون سا مفتی یا عالم دین بیٹھ کر یہ دیکھتا ہے کہ مرغی حلال طریقے سے کاٹی گئی تھی یا نہیں۔

متعلقہ عنوان :