Live Updates

خورشید شاہ کے عمران خان اور طاہرالقادری کو مفت کےمشورے

منگل 12 اگست 2014 15:36

خورشید شاہ کے عمران خان اور طاہرالقادری کو مفت کےمشورے

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12اگست 2014ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے طاہرالقادری اور عمران خان کو بھٹو اور بے نظیر بھٹو سے سیاست سیکھنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بےنظیر نے اپنے قاتلوں کی نشاندہی کی لیکن یہ نہیں کہا کہ ان کے گھروں میں گھس کر انہیں قتل کر دینا، انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ سیاسی تناؤ میں کمی کیلئے عمران خان کو آنے دیا جائے۔


پارلیمینٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بے نظیربھٹو شہید نے اپنے قاتلوں کے نام بتا دیئے تھے لیکن بی بی نے یہ نہیں کہا کہ قاتلوں کے گھروں میں گھس کر قتل کر دیا جائے۔ لیکن یہ لوگ کہتے ہیں کہ گھروں میں گھس کر فلاں کو قتل کر دینا، بے نظیر بھٹو شہید نے کہا تھا کہ جمہوریت کے ذریعے بدلنا لینا، انہوں نے قادری اور عمران خان سے کہا کہ وہ بھٹو اور بے نظیر سے سیاست سیکھیں۔

(جاری ہے)



خورشید شاہ نے کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کیخلاف اندرونی جنگ میں مصروف ہے ایسے میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تناؤ میں کمی لائے اپوزیشن بھی حالات کی بہتری کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔ عمران خان کو نظربند کیا گیا تو لوگ بے لگام ہو کر نکلیں گے۔ عمران خان اتنے آگے آ چکے ہیں کہ وہ اب واپس نہیں ہو سکتے، اب ایک ہی راستہ بچا ہے کہ عمران خان کو آنے دیا جائے اور ان کیلئے راستے کھول دیئے جائیں،عمران خان کو بھی اعلان کرنا چاہئے کہ وہ فوج کے حق میں بھی آ رہے ہیں۔



انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری نے قتل و غارت کی بات کر کے اپنا راستہ خود روکنے کی کوشش کی۔ قادری صاحب اب کہہ رہے ہیں کہ انھوں نے مذاق کیا تھا۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ موجودہ حالات میں وزیرداخلہ کی خاموشی بڑا سوال ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :