Live Updates

تحریک انصاف کا آزادی اور عوامی تحریک کا انقلاب مارچ کل لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے

بدھ 13 اگست 2014 12:49

تحریک انصاف کا آزادی اور عوامی تحریک کا انقلاب مارچ کل  لاہور سے اسلام ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست۔2014ء) تحریک انصاف کا آزادی اور عوامی تحریک کا انقلاب مارچ کل جمعرات کو لاہور سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگا، آزادی مارچ کی قیادت عمران خان جبکہ انقلاب مارچ کی قیادت ڈاکٹر طاہر القادری کریں گے ، دونوں جماعتوں کی طرف سے اپنے پروگراموں کو کامیاب بنانے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ، دونوں جماعتوں نے پولیس کی طرف سے رکاوٹوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا ترجمان کے مطابق چیئرمین عمران خان اپنی رہائشگاہ زمان پارک سے مرکزی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ نکلیں گے اور فیصل چوک مال روڈ پہنچیں گے جہاں سے وہ آزادی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے ۔ اس سلسلہ میں تحریک انصاف کے 22اضلاع سے کارکنوں کو فیصل چوک مال روڈپر پہنچنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ راستے میں قافلے آزادی مارچ میں شریک ہوتے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف نے آزادی مارچ کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دے کر حکومت اور پولیس کی رکاوٹوں اور کسی بھی متوقع بڑے اقدام سے نمٹنے کے لئے مرکزی رہنماؤں نے مشاورت کے بعد خفیہ حکمت عملی مرتب کر لی ہے ۔ دوسری طرف عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری انقلاب مارچ کا آغاز ماڈل ٹاؤن سے کریں گے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) ‘ سنی اتحاد کونسل‘ مجلس وحدت المسلمین کے رہنما اپنے کارکنوں کے ہمراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ہمراہ لاہور سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے ۔

بتایاگیا ہے کہ آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کی اسلام آباد کی طرف روانگی کے آغاز پر خیر و عافیت کے لئے اجتماعی دعا کرائی جائے گی اور صدقات دئیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے آزادی اور انقلاب مارچ کو روکنے کے لئے پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا ہے اور کسی بھی مشکل کی صورت میں دونوں جماعتوں کے کارکن ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔ دوسری طرف حکومت نے انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کے موقع پر سکیورٹی سمیت دیگر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں کنٹرول روم قائم کر دئیے گئے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات