کچھ شرپسند عناصر پاکستان عوامی تحریک کے مارچ میں خون خرابہ کرنے کے لیے شامل ہوگئے ہیں ‘وزیر اعظم کو رپورٹ پیش

بدھ 13 اگست 2014 13:21

کچھ شرپسند عناصر پاکستان عوامی تحریک کے مارچ میں خون خرابہ کرنے کے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست۔2014ء) وزیراعظم نواز شریف کو بتایا گیا ہے کہ کچھ شرپسند عناصر پاکستان عوامی تحریک کے مارچ میں خون خرابہ کرنے کے لیے شامل ہوگئے ہیں ایک سینئر حکومتی اہلکار نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ایک انٹیلی جنس ایجنسی نے وزیراعظم کو صورت حال پر بریف کیا جس کے دوران دونوں پارٹیوں کے 14 اگست کو ہونے والے مارچوں کے اثرات کے حوالے سے بتایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بتایا گیا کہ پی اے ٹی کی صفوں میں کچھ کرائے کے غنڈے شامل ہوگئے ہیں جو پہلے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ جھڑپوں کے بعد کارکنوں پر فائرنگ کریں گے۔رپورٹ کے مطابق دونوں پارٹیاں ایک لاکھ سے زیادہ افراد جمع نہیں کرسکتیں۔ اس ایک لاکھ میں سے 80 ہزار پی ٹی آئی اور 10 سے 20 ہزار پی اے ٹی جمع کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

پی اے ٹی کے کچھ ناپسندیدہ غیر ملکی روابط کا انکشاف ہوا ہے تاہم آفیشل نے ان روابط کی وضاحت نہیں کی تاہم حال ہی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ تحقیقات کروائی جائیں کہ مارچوں کے پیچھے صیہونی لابی تو نہیں۔انہوں نے کہا کہ رپورٹ کی روشنی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پی اے ٹی کو انقلاب مارچ کی اجازت نہ دی جائے تاہم آفیشل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ تحریک انصاف کے مارچ کو کنٹرول کرنے کیلئے صرف انتظامی' اقدامات لیے جائیں اور آزادی مارچ کے شرکاء اگر کنٹینروں کو ہٹانے کی کوشش کریں تو پولیس برائے نام مزاحمت کرے۔