جمہوریت کی بقاء کے لئے محاذ آرائی سے گریزکیا جا ئے، الطاف حسین

بدھ 13 اگست 2014 13:52

جمہوریت کی بقاء کے لئے محاذ آرائی سے گریزکیا جا ئے، الطاف حسین

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے وزیراعظم میاں نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے پرزورمطالبہ کیاہے کہ وہ لاہور کے مختلف علاقوں میں کھڑے کئے گئے کنٹینرز،ٹرالرز اوردیگررکاوٹوں کو ہٹانے کے فوری احکامات جاری کر یں ۔ یوم آزادی کے نام پر تمام فریقین ضداورہٹ دھرمی چھوڑکر مل بیٹھیں اوراس وقت تک نہ اٹھیں جب تک کسی نتیجہ پر نہ پہنچ جائیں۔

جمہوریت کی بقاء کے لئے محاذ آرائی سے گریزکرنے کا واحد راستہ بات چیت ہے، اپنے ایک بیا ن میں الطاف حسین نے کہاکہ گزشتہ کئی روزسے لاہورمیں پولیس وانتظامیہ نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں جس سے روزگار، کاروباراورملازمت پر جانے والے افرادکو شدید رکاوٹوں کاسامناہے۔

(جاری ہے)

ان رکاوٹوں سے سب سے زیادہ متاثر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے وہ غریب مزدور اورمحنت کش ہیں اس کے ساتھ ساتھ شاہراہیں بند ہونے سے مریضوں کواسپتال لانے لیجانے میں بھی شدید دشواریوں کاسامناہے۔

الطاف حسین نے حقوق انسانی کی تنظیموں، سول سوسائٹی، وکلابرادری اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے ان ظالمانہ اورآمرانہ اقدامات کے خلاف احتجاج کریں۔ لطاف حسین نے کہا کہ یوم آزادی کے نام پر تمام فریقین ضداورہٹ دھرمی چھوڑکر مل بیٹھیں اوراس وقت تک نہ اٹھیں جب تک کسی نتیجہ پر نہ پہنچ جائیں۔

جمہوریت کی بقاء کے لئے محاذ آرائی سے گریزکرنے کا واحد راستہ بات چیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کیخلاف کوئی ایکشن لیا جا سکتا ہے ، پہلے پاکستان عوامی تحریک کیخلاف ایکشن ہوگا اور پھرتحریک انصاف کونشانہ بنایا جائے گا۔ یہ بھی اطلاعات مل رہی ہیں کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کوگرفتار یا حفاظتی تحویل میں لیا جاسکتا ہے۔

اگر ایسا کیا گیا تواس سے حالات کے مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے موقف کیلئے جلسہ ، جلوس ، احتجاج یا مارچ کرنا ہر جماعت کاحق ہے اور میں ذاتی طورپر سمجھتا ہوں کہ جو بھی مارچ کرنا چاہے حکومت کو اسے مارچ کرنے دینا چاہیے ، اگرحکومت کسی عوامی مارچ کے خلاف ایکشن لے گی اور طاقت کااستعمال کرے گی تو اس سے تصادم کاخطرہ ہے۔