سپریم کورٹ نے موجودہ حالات میں ممکنہ مارشل لاءکے خلاف دائر درخواست پر پانچ رکنی لارجر بنچ تشکیل دیدیا، چیف جسٹس کی سربراہی میں 15 اگست کو سماعت ہوگی

بدھ 13 اگست 2014 19:17

سپریم کورٹ نے موجودہ حالات میں ممکنہ مارشل لاءکے خلاف دائر درخواست ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13اگست۔2014ء) سپریم کورٹ نے موجودہ حالات میں ممکنہ مارشل لاءکے خلاف دائر درخواست پر پانچ رکنی لارجر بنچ تشکیل دیدیا، چیف جسٹس کی سربراہی میں 15 اگست کو سماعت ہوگی.سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر کامران مرتضی نے دائر درخواست میں کہا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال سے جمہوری اور قانون نظام کو خطرات لاحق ہیں، اپنی درخواست میں سیاسی ہلچل کا ذکر کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا ہے کہ دفعہ ایک سو چوالیس اور آئین کے آرٹیکل 245 کا نفاذ پہلے ہی ہوچکاہے، ایسے حالات میں اس بات کے قابل ذکر خدشات ہیں کہ بعض اہم عہدیدار آئین سے انحراف کرسکتے ہیں اور آئینی، جمہوری اور قانونی نظام کو ڈی ریل کیا جاسکتاہے، استدعا کی جاتی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 184 کی شق تین کے تحت درخواست کو سن کر کسی کو بھی غیر آئینی اقدام سے روکا جائے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے درخواست پر پانچ رکنی لارجربنچ تشکیل دیا ہے جس میں جسٹس جواد ایس خواجہ، جسٹس ثاقب نثار، جسٹس آصف کھوسہ اور جسٹس مشیر عالم شامل ہیں۔