انشاء اللہ لانگ مارچ وزیراعظم کو گھر بھیج کر ہی ختم ہو گا‘ چودھری پرویزالٰہی

بدھ 13 اگست 2014 20:44

انشاء اللہ لانگ مارچ وزیراعظم کو گھر بھیج کر ہی ختم ہو گا‘ چودھری پرویزالٰہی

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13اگست 2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما اور سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ انشاء اللہ لانگ مارچ وزیراعظم کو گھر بھیج کر ہی ختم ہو گا، آج سب آن بورڈ ہیں کل 14اگست کو سب آن روڈ ہوں گے اور حکومت کی تمام غیر قانونی رکاوٹوں اور ہتھکنڈوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنی اسلام آباد کی منزل پر پہنچ کر حکومت کے خاتمے تک وہیں رہیں گے۔

اپنی رہائش گاہ پر میڈیا اور پارٹی رہنماؤں و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ مارچ میں بھرپور حصہ لے رہی ہے، انشاء اللہ ہر مقام پر ہمارے کارکن نمایاں ہوں گے، پاکستان مسلم لیگ، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان عوامی تحریک، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے اتحاد سے حکمران گھبراہٹ، بوکھلاہٹ اور مایوسی کا شکار ہیں، ظلم اور دھاندلی کے اندھیرے اب ختم ہونے والے ہیں، یہ انصاف، انسانی حقوق، جمہوریت اور آئین پر یقین نہیں رکھتے، منہاج القرآن میں لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء اور ادویات کی فراہمی تک بند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ حکمرانوں نے پہلے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی اب عدلیہ کے احکامات کی توہین کر رہے ہیں، گرفتاریاں بند کرنے اور کنٹینر ہٹانے کے حکم پر عمل نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کا غزہ کی طرح محاصرہ جاری ہے، ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے، حکمرانوں کا غیر جمہوری چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، انقلاب اور آزادی کیلئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

انہوں نے میڈیا پر نواز شریف کی تنقید کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں میڈیا کے بارے میں بھی اپنے رویہ اور سوچ پر نظر ثانی کرنی چاہئے، یہ سب کو اتفاق فاؤنڈی کا ذاتی ملازم سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں کی طرح گجرات میں بھی کریک ڈاؤن شروع ہے مگر ہمارے اور دیگر اتحادی جماعتوں کے کارکنوں کی جتنی پکڑ دھکڑ کر لیں کل مارچ ضرور ہو گا۔

متعلقہ عنوان :