چوہدری نثارعلی کی مارچ کے شرکا کو زیرو پوائنٹ تک محدود کرنے کی ہدایت

جمعرات 14 اگست 2014 19:27

چوہدری نثارعلی کی مارچ کے شرکا کو زیرو پوائنٹ تک محدود کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کے شرکا کو زیرو پوائنٹ تک محدود کرنے کی ہدایت کردی۔نجی ٹی وی کےمطابق وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ آبپارہ اور زیرو پوائنٹ کا دورہ کیا جس میں انہوں نے آزادی و انقلاب مارچ کے حوالے سے پولیس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے وزیرداخلہ کو شہر کی سکیورٹی کے حوالے سے کیے گئے انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔چوہدری نثارعلی نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ مارچ کے شرکا کو زیرو پوائنٹ تک محدود کیا جائے اور انہیں اسلام آباد کے دیگر علاقوں تک جانے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے حکم دیا کہ زیرو پوائنٹ سے اسلام آباد جانے والے راستوں کو بند کیا جائے جس کےبعد کشمیر ہائی وے کو اسپورٹس کمپلیکس کے قریب کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا ہے جبکہ سیونتھ ایونیو آبپارہ سے زیرو پوائنٹ جانے والے راستے بھی بلاک کردیئے گئے ہیں اور علاقے میں پولیس،ایف سی کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

دوسری جانب زیرو پوائنٹ پر مارچ کے شرکا کی سکیورٹی کے لئے خصوصی مانیٹرنگ وین بھی کھڑی کی گئی ہے جس کے ذریعے زیرو پوائنٹ اور اطراف کے علاقوں کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔