لانگ مارچ کے شرکاء زیرو پوائنٹ سے آگے نہ جائیں، الطاف حسین کی اپیل،طاہر القادری ان تمام لوگوں کی لاج رکھیں، جنہوں نے انقلاب مارچ کا معاملہ مفاہمت سے حل کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کیا ہے، قائد ایم کیو ایم

جمعرات 14 اگست 2014 21:42

لانگ مارچ کے شرکاء زیرو پوائنٹ سے آگے نہ جائیں، الطاف حسین کی اپیل،طاہر ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے علامہ طاہر القادری اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا مارچ پْرامن رکھیں، اسلام آباد میں زیرو پوائنٹ سے ہرگز ہرگز آگے نہ جائیں اور کسی بھی قیمت پر ریڈزون میں داخل نہ ہوں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ گورنر پنجاب، گورنر سندھ اور وفاقی کابینہ کے بعض اراکین کے ساتھ ماڈل ٹاوٴن لاہور میں رکاوٹوں کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی اور ان کاوشوں کے نتیجے میں وفاقی و پنجاب حکومت نے علامہ طاہر القادری کو پْرامن لانگ مارچ نکالنے کی اجازت دے دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے یقیناً اس معاملے میں وسعت قلبی اور دانشمندی کا مظاہرہ کیا، اب ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے رفقاء کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تمام لوگوں کی لاج رکھیں، جنہوں نے اس معاملے کو مفاہمت سے حل کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کیا ہے، انقلاب اور آزادی مارچ کو الگ الگ رکھا جائے۔الطاف حسین نے ڈاکٹر علامہ طاہر القادری اور ان کی تحریک کے تمام رہنماوٴں اور کارکنوں و ہمدردوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا لانگ مارچ پْرامن رکھیں، اپنا اجتماع اسلام آباد زیرو پوائنٹ پر منعقد کرلیں اور کسی بھی قیمت پر ریڈ زون میں داخل نہ ہوں۔