سرفراز احمد کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا پر سبقت حاصل کرلی

ہفتہ 16 اگست 2014 11:52

سرفراز احمد کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے سری لنکا پر سبقت حاصل ..

کولمبو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16اگست 2014ء) سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے آئی لینڈرز پر 12 رنز کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو کے سنہالی اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے 6 وکٹ کے نقصان پر 244 رنز بنا رکھے تھے، سرفراز احمد 66 اور عبد الرحمان ایک رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، عبدالرحمان زیادہ دیر تک وکٹ کیپر بلے باز کا ساتھ نہ دے سکے اور 16 رنز بنا کر رنگنا ہیراتھ کا شکار بن گئے، اس کے بعد سرفراز کا ساتھ دینے کے لئے وہاب ریاض گراؤنڈ میں آئے اور وہ بھی 17 رنز بنا کر ہیراتھ کو اپنی وکٹ دے بیٹھے لیکن دوسری جانب نوجوان وکٹ کیپر بلے باز نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور انھوں نے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی پہلی سنچری مکمل کی، سرفراز احمد 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے سری لنکا پر 12 رنز کی سبقت حاصل کر لی ہے جب کہ سری لنکا کی جا نب سے رنگنا ہیراتھ نے کیرئیر بیسٹ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 127 رنز دے کر 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ایک وکٹ دھمیکا پرساد کے حصے میں آئی۔ میزبان ٹیم کے وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا نے اسٹمپ کے پیچھے 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 320 رنز بنائے تھے جب کہ پاکستان کی جانب جنید خان نے 5 اور وہاب ریاض نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ سری لنکا کو 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :