چار بجے چارٹرآف ڈیمانڈ پیش کرنے کااعلان ، دہشتگردی پر لعنت بھیجتے ہیں، ڈاکٹرطاہرالقادری

ہفتہ 16 اگست 2014 14:44

چار بجے چارٹرآف ڈیمانڈ پیش کرنے کااعلان ، دہشتگردی پر لعنت بھیجتے ہیں، ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16اگست 2014ء) پاکستانی عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر القادری نے چار بجے چار ٹر آف ڈیمانڈ پیش کرنے کااعلان کردیا۔ خیابان سہروردی چوک میں موجود انقلاب مارچ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کاکہناتھاکہ وہ پوری قوم کو انقلاب کی مبارکباد دیتے ہیں ، چار بجے اپنے خطاب میں مکمل طورپر انقلاب کاخاکہ پیش کریں گے اور اب انقلاب میں زیادہ دیر نہیں لگے گی ۔

ڈاکٹرطاہرالقادری کاکہناتھاکہ ماڈل ٹاﺅن میں دس دن تک اُن کا پانی تک بند کردیاگیالیکن وہ پرامن ہیں اورر ہیں گے ، امن اور آئین وقانون پر یقین رکھتے ہیں ، امن کے ساتھ ہی جینا مرنا ہے اور کارکنان کو ہدایت کی کہ کوئی گولی بھی چلادے تو گولی کا جواب گولی سے نہیں دیں گے ، جانیں قربان کردیں گے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہاکہ جس کے ہاتھ میں اسلحہ دیکھو تو اُسے انتظامیہ کے حوالے کردو یا فی الفور انتظامیہ کو اطلاع ضروری کردیں ، عوامی تحریک کے کارکنان دہشتگردی ،انتہاءپسندی پر لعنت بھیجتے ہیں ،تاریخ میں پہلی مرتبہ ہم نے 600صفحات پر مشتمل دہشتگردی کیخلاف فتویٰ لکھا جو آج تک تاریخ میں ہی نہیں لکھاگیاتھا۔

اُنہوں نے بتایاکہ وہ کارکنان کو پیارکرنے ، سلام محبت دینے آئے ہیں،بیٹیوں کے ماتھے چومنے آئے ہیں جنہوں نے اُن کا ساتھ چھوڑا اور نہ ہی گھر سے نکلنے سے لے کر خیابان سہروردی تک اُنہوں نے اپنے کارکنان کا ساتھ چھوڑا،چوہدری برادران کے گھر جانے کی درخواست بھی مسترد کردی ۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے بتایاکہ وہ تعداد کا صحیح اندازہ تو نہیں لگاسکتے لیکن دوکلومیٹر پرمحیط شرکاءسے گزرتے ہوئے سٹیج تک پہنچے ، عوام کا ایساجوش وخروش اس سے قبل نہیں دیکھا، تحریک صوبہ ہزارہ کے سربراہ بابا حیدر زمان بھی انقلاب مارچ کا حصہ بنے اور انقلاب کی فتح تک وہ اپنے کارکنان کو چھوڑ کرایک منٹ کے لیے بھی کہیں نہیں جائیں گے ، انقلاب کو نافذ کرکے یہاں سے جائیں گے ۔