وزیر اعظم اپنی کرسی کو بچانے کیلئے وزیر اعلی پنجاب کی قربانی دینے کی کوشش کرینگے، حلیم عادل شیخ ،

وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کے خلاف قتل کی ایف آئی آر کے مثبت نتائج ملنا بہت ضروری ہے، صدر مسلم لیگ (ق)

ہفتہ 16 اگست 2014 19:30

وزیر اعظم اپنی کرسی کو بچانے کیلئے وزیر اعلی پنجاب کی قربانی دینے کی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اگست۔2014ء) مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ کمیشن کی جانب سے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پنجاب حکومت کو ایسے وقت میں اس کا ذمہ دار ٹہرایا گیا ہے جب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین اور حکومت کی بربریت کے شکار لوگ لاکھوں کی تعداد میں اسلام آباد کی سڑکوں پر موجود ہیں۔ عوام سمجھ چکی ہے کہ وزیر اعظم اپنی کرسی کو بچانے کیلئے اپنے بھائی کو وزیر اعلی پنجاب کی نشست سے ہٹا سکتے ہیں۔

عوام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے وزیر اعظم، وزیر اعلی پنجاب اور اس کے دیگر عہدیداروں کے خلاف قتل کی ایف آئی آر کے مثبت نتائج چاہتی ہے عوام وقت کو ٹالنے والی سیاست سے نالاں ہے ایف آئی آر اتنی کمزور نہ ہو اسے جب چاہے خارج کردیا جائے۔ مگر اب پانی سر سے گزر چکا ہے کیونکہ ملک کی عوام شریف برادران کی بربریت کا شکار ہے اور ہم لوگ حکمرانوں کی ملک کو مزید لوٹنے کی آزو کو کبھی پوری نہ ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

جابر حکمرانوں کو گھر بھیجنے کیلئے انقلاب مارچ اور آزادی مارچ کے شرکا اور ان کے قائدین کا امتحان ہے۔ گزشتہ 14 ماہ سے شریف برادران نے عوام کو روزی روٹی سے محروم رکھا ہے شریفوں نے تین دہائیوں تک عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ہم افراتفری اور خانہ جنگی کے شیدائی حکمرانوں کو گھر بھیج کر ہی واپس لوٹیں گے۔ عوام آزادی اور ملکی وسائل کی بے توقیری کرنے والے حکمرانوں کو وزیر اعظم یا وزیر اعلی نہیں مانتی ان کے ووٹوں کو چرایا گیا ہے جس کا حساب بھی ان کو دینا ہوگا۔

حکومت کے وزرا خود بھی نہیں چاہتے کہ شریف برادران کو عروج ملے کیونکہ یہ لوگ جانتے ہیں کہ شریف برادران مل بانٹ کر کھانے کے عادی نہیں اسی وجہ سے ن لیگ کے وزرا خود ایک دوسرے سے خائف ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جس انداز میں پنجاب کی دیگر عوام شدید بارشوں اور حکومتی رکاوٹوں کے باوجود دھرنوں میں شریک ہے اسی انداز میں مسلم لیگ سندھ کے کارکنان میرے ساتھ دن رات جاگ رہے ہیں اور مسلم لیگ سندھ کے کارکنان ملکی بقاء کیلئے وقت پڑنے پر اپنے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے۔

شریف برادران کے پاس کوئی پلاننگ نہیں ہے کہ ملک کو کس طرح چلانا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کررہی ہے ہم ان کو مزید امتحان میں نہیں ڈالنا چاہتے ہم نے مظاہرین کو پرامن رہنے کی جو ضمانت دی تھی اس کا وعدہ بھی پورا کردیا ہے اگر کوئی شرارت ہوتی ہے تو وہ ریاستی دہشت گردی ہوگی کیونکہ ہم نہتے ہیں بھوکے پیاسے ہیں اور اپنا حق لینے کیلئے شدید بارشوں میں بے یار و مدد گار اپنے کارکنوں اور اپنے قائدین کے بازو بنے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ پاک نے ہمیں موقع دیا تو ہم پاکستان کو جہاں ترقی کی شاہراہوں پر ڈالیں گے وہاں اپنے ملک کی حفاظت بھی کریں گے۔ شریف برادران اپنی تین حکومتوں میں بھی عوام کے دلوں کو تسخیر نہ کرسکے۔ ان چیزوں سے سبق سیکھتے ہوئے ہم عوام کے دلوں کو جیتیں گے ان کی خدمت کریں گے ان کو آقا اور خود کو عوام کا خادم بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :