سول نافرمانی: وفاق کو ٹیکسوں کی مد میں 4 کھرب کا نقصان ہوگا

پیر 18 اگست 2014 12:39

سول نافرمانی: وفاق کو ٹیکسوں کی مد میں 4 کھرب کا نقصان ہوگا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی سول نافرمانی کی تحریک پر عملدرآمد کی صورت میں وفاق کو ٹیکسوں و دیگر محاصل کی مد میں4 کھرب روپے سے زائد کا نقصان ہوگا تاہم خیبرپختونخواحکومت بھی وفاق سے ملنے والے 3 کھرب روپے مالیت کے لگ بھگ فنڈز سے محروم ہوگی۔میڈیارپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا اعلان کرکے وفاق کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا حکومت کوبھی امتحان میں ڈال دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت قومی محاصل میں حصہ کے طور پروفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران خیبرپختونخواحکومت کو 283.7 ارب روپے اداکرنا ہیں جب کہ گزشتہ مالی سال کے دوران 2013-14 قومی محاصل میں خیبرپختونخواکاحصہ 235.04 ارب روپے تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ خیبرپختونخواحکومت نے رواں مالی سال کے دوران وفاق کو قرضوں اور سود کی مد میں 5 ارب 59 کروڑ 17 لاکھ 40 ہزار روپے اداکرناہیں جس میں سے 70 کروڑ 46 لاکھ 64 ہزار روپے جبکہ 4 ارب 88کروڑ 70 لاکھ روپے غیر ملکی قرضے کی صورت میں اداکرناہیں اس کے علاوہ وفاقی حکومت کو خیبر پختونخواسے ٹیکسوں کی مد میں بھی 3 کھرب روپے کے لگ بھگ آمدنی حاصل ہوتی ہے اگر حقیقت میں سول نافرمانی پر عملدرآمد ہوجاتاہے اور خیبرپختونخواحکومت کی طرف سے وفاق کو ٹیکس اور دیگر ادائیگیاں نہیں کی جاتیں تو اس سے وفاق کو بھاری نقصان ہوگا۔

متعلقہ عنوان :