تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنیکی باتیں پاکستان دشمنی ہے،سول نافرمانی کے بیان سے بلی تھیلے سے باہرآ گئی:شہبازشریف

پیر 18 اگست 2014 19:15

تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنیکی باتیں پاکستان دشمنی ہے،سول نافرمانی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اگست 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کی طرف سے تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی باتیں پاکستان دشمنی ہے اوراگر میراکوئی وزیر ایسی بات کرتا تو میں اس کا منہ بند کر دیتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اس وقت صوبوں کے درمیان منافرت کی نہیں محبت کی ضرورت ہے۔ پہلیذات پات اور اب صوبوں کی بنیاد پر نفرتیں پھیلانے والے پاکستان کی خدمت نہیں کر رہے۔

وہ یہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ تربیلا سے پنجاب کی بجلی بند کرنے کی باتیں قومی مفادکے یکسر خلاف ہیں۔موجودہ حالات میں ایسی باتیں کرنے والے صوبوں کے درمیان دوریاں بڑھانے کی کوششیں کررہے ہیں جنہیں کسی بھی لحاظ سے درست قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اوروطن عزیزکے لئے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے سول نافرمانی کے بیان سے بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے۔ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان معیشت کے خلاف سازش اور ذرہ ذرہ جوڑ کرمضبوط ہوتی معیشت کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی دن کہہ دیا تھا کہ لانگ مارچ کا اصل ہدف پاکستان کی معیشت اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ترقیاتی پروگرام ہے۔

سول نافرمانی کے بیان سے پاکستان کے دشمن ہی خوش ہو سکتے ہیں۔ یہ عمران خان کی زندگی کا ”سب سے بڑا اعلان“ نہیں بلکہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے اور پوری قوم نے سول نافرمانی کے اعلان کو یک زبان ہوکر مسترد کردیا ہے کیونکہ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان غیرآئینی اور غیر قانونی ہے۔ عوام نے سول نافرمانی کی تحریک چلانے کے حوالے سے عمران خان کے اعلان کا بھی وہی حشر کیا ہے جو لانگ مارچ اوردھرنے کے ساتھ ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ سیاست میں ڈیڈ لائن اور الٹی میٹم نہیں چلتے بلکہ ڈائیلاگ کے ذریعے ہی بند دروازے کھلتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :