بھارت نے پاکستان کیساتھ سیکریٹری خارجہ مذاکرات ملتوی کر دیئے

پیر 18 اگست 2014 19:47

بھارت نے پاکستان کیساتھ سیکریٹری خارجہ مذاکرات ملتوی کر دیئے

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اگست 2014ء) بھارت نے پاکستان کیساتھ سیکرٹری خارجہ مذاکرات ملتوی کردیئے،بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنرکی کشمیری رہنماؤں کیساتھ ملاقات کے باعث سیکرٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات ملتوی کئے گئے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان اکبر الدین نے بتایا کہ پاکستان کی علیحدگی پسند رہنماوٴں سے ملاقات سے کئی سوالات اٹھتے ہیں اور اس سے بھارت کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کا اشارہ ملتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی وزیرِ خارجہ سجاتا سنگھ نے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو کھلے اور واضح الفاظ میں بتایا کہ پاکستان کی بھارت کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔سجاتا سنگھ نے کہا کہ پاکستان کے اس عمل سے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کی طرف سے شروع کیے گئے باہمی مذاکرات کے عمل کو نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ 25 اگست سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہونے والے مذاکرات اب منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ حریت رہنماوٴں کو ملاقات کی دعوت دینے پر انتہاپسند جماعت ہندو سینا کے انتہا پسندوں نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کے باہر مظاہرہ کیا اور بھارتی سیاست دان بھی مجوزہ ملاقات پر سیخ پاتھے۔

پاکستانی ہائی کمیشن نے پچیس اگست کو سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات سے قبل کشمیری رہنماوٴں کو نئی دہلی میں دعوت دی گئی تھی جس پر بھارت میں شدید ردعمل کا اظہارکیاگیا۔پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے منگل کو نئی دہلی میں حریت رہنماوٴں میر واعظ عمرفاروق، سید علی گیلانی، شبیر احمد شاہ اور یاسین ملک سے مشاورت کرنی تھی جس میں سیکریٹری خارجہ سطح کے مذاکرات سے قبل کشمیریوں کے تحفظات سے آگاہ کرنا تھا۔

متعلقہ عنوان :