طویل قامت فاسٹ بولرمحمد عرفان کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کئے جانے کاامکان

منگل 19 اگست 2014 14:10

طویل قامت فاسٹ بولرمحمد عرفان کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کئے جانے کاامکان

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست۔2014ء)پاکستانی ٹیم انتظامیہ ٹیسٹ سیریز میں شکست اور مایوس کن کارکردگی کے بعد طویل قامت فاسٹ بولرمحمد عرفان کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کئے جانے کاامکان ہے ۔قومی ٹیم کے ذرائع کے مطابق جنیدخان کی انجری اور ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ٹیم کو ایک فرنٹ لائن بولر کی ضرورت ہے۔کولمبو میں ٹیم انتظامیہ نے اپنی درخواست پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھجوا دی اور عرفان کے سفری کاغذات مکمل کئے جارہے ہیں۔

عرفان ان دنوں لاہور کی قومی کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کررہے ہیں انہیں سمر کیمپ میں بھی مدعو کیا گیا تھا۔نومبر میں سری لنکاکے خلاف دبئی کے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں بولنگ کرتے ہوئے گرنے سے عرفان کے کولہے میں فریکچر ہوگیا تھا۔وہ اس وقت سے انٹر نیشنل کرکٹ سے باہر ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیم انتظامیہ عرفان کو ورلڈ کپ میں ہتھیا ر کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے اور انہیں اکتوبر میں آسٹریلیا کی سیریز میں قومی ٹیم میں شامل کرنا تھا تاہم پاکستان ٹیم کی خراب کارکردگی کے باعث محمد عرفان کو قبل از وقت کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ عرفان کی جسمانی ساخت اور طویل انجری کے باعث انہیں ٹیسٹ میچوں سے دور رکھا جائے گا۔وہ صرف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کھیلیں گے۔سات فٹ ایک انچ طویل قامت عرفان نے پاکستان کے لئے چار ٹیسٹ 27ون ڈے انٹر نیشنل اور سات ٹی ٹوئینٹی میچ کھیلے ہیں۔