سابق فوجیوں نے اسمبلیاں تحلیل کرنے، نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا

منگل 19 اگست 2014 18:34

سابق فوجیوں نے اسمبلیاں تحلیل کرنے، نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اگست 2014ء )سابق فوجیوں کی تنظیم پیسا نے اسمبلیاں تحلیل کرنے ، نگران حکومت کے قیام ، انتخابی اصلاحات اور آزاد الیکشن کمیشن کے قیام کے بعد نئے انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ ایڈمرل احمد تسنیم کی سربراہی میں پیسا کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جس میں ایڈمرل فسیح بخاری، جنرل نعیم اکبر، ائیر مارشل مسعود اختر، برگیڈئیر محمد تاج، برگیڈئیر میاں محمود، برگیڈئیر مسعود الحسن، برگیڈئیر سائمن شرف، میجر فاروق حامد خان اور دیگر نے شرکت کی۔

تمام عسکری ماہرین نے متفقہ رائے دی کہ سیاسی بحران نے ملک میں موجود آئینی جمہوریت کی کمزوریاں واضع کر دی ہیں۔حکومت بحران کو سیاسی طریقہ سے حل کرے اور طاقت کے استعمال سے گریز کرے۔

(جاری ہے)

اس کشیدہ صورتحال میں سیاسی قائدین اپنی پارٹیوں سے بلند ہوکر ملک و قوم کی خدمت کا سوچیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت مسائل حل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے اسلئے عوام مسائل کے حل کے لئے احتجاج کا راستہ اپنارہے ہیں۔

سابق عسکری ماہرین نے کہا کہ وزراء سمیت متعدد منتخب نمائندوں کو نا اہل قرار دئیے جانے سے الیکشن میں گھپلوں کے الزامات کو تقویت ملتی ہے۔ماڈل ٹاؤن کے مقدمہ میں ایف آئی آر درج نہ کرنا توہین عدالت کے علاوہ بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی ہے۔ملزم مقدمہ کی سماعت کے دوران اپنے بے گناہ ہونے کا دعویٰ کر سکتے ہیں۔پیسا نے موجودہ سیاسی صورتحال میں ملک وقوم کی خاطرموجودہ صورتحال میں مدد کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔