ڈاکٹر طاہر القادری کا پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

منگل 19 اگست 2014 18:47

ڈاکٹر طاہر القادری کا پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔اسلام آباد کے سہروردی روڈ پر انقلاب مارچ کی عوامی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پرامن انقلاب مارچ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے منتقل ہوگا اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا بدلہ لئے بغیر وہاں سے نہیں جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 14 شہدا کے ذمہ دار شریف برادران اور ان کی حکومت ہے جبکہ کارکنان پر گولیاں چلانے کا حکم شہباز شریف نے دیا جبکہ اسے وزیراعظم نواز شریف کی حمایت حاصل تھی۔سربراہ عوامی تحریک نے شرکا سے سوال کیا کہ کیا اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں، حکومت کوگھر بھیج دیا جائے، شریف برادران کو گرفتار کیا جائے، انتخابی اصلاحات کے لئے قومی حکومت بنائی جائے، دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے یا نہیں، جس پر شرکا نے باآواز بلند ہاں میں جواب دیا ، اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ وہ عوامی قرارداد کا احترام کرتے ہیں۔