طاہرالقادری اورعمران خان خدارا مذاکرات کا راستہ اختیار کریں، الطاف حسین

منگل 19 اگست 2014 19:43

طاہرالقادری اورعمران خان خدارا مذاکرات کا راستہ اختیار کریں، الطاف ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19اگست۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ایک مرتبہ پھر دردمندانہ اپیل کی کہ وہ سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی آخری مرتبہ بھرپورکوشش کریں اورمذاکرات کا دروازہ کسی قیمت پر بند نہ کریں۔

الطاف حسین نے ڈاکٹر طاہر القادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ نہ صرف ایک انتہائی سمجھدار ، بردباراور باشعور شخص ہیں بلکہ چوٹی کے عالم دین بھی ہیں، اپنی ڈیڈلائن کے خاتمے کے بعد آپ کوئی اقدام اٹھائیں میری آپ سے درخواست ہے کہ ملک کی نازک صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، یہ حقیقت آپ کے علم میں ہے کہ ہماری مسلح افواج اس وقت شمالی وزیرستان میں ایک کٹھن جنگ میں مصروف ہیں، ان حالات میں آپ کوئی حتمی اعلان کرنے یا ریڈ زون میں داخل ہونے کا فیصلہ کرنے سے پہلے ایک آخری مرتبہ مذاکرات کاراستہ اختیار کرکے ملک اور قوم کو ایک بڑے بحران سے بچالیں۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے ڈاکٹرطاہرالقادری سے کہاکہ ملک میں جاری جمہوری نظام میں جو خرابیاں ہیں اس میں جمہوری نظام سے زیادہ اس کو چلانے والوں کا قصور ہے، خدارا جمہوریت کا غلط استعمال کرنے والوں کو مذاکرات کے ذریعہ راہ راست پر لائیں اور ملک کوکسی قسم کے تصادم ،خون خرابے اور انتشار سے بچالیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ آپ کا، ہم سب کا اور پاکستان حامی وناصر ہو۔ اس دعاکے ساتھ یہ میری ڈاکٹرطاہرالقادری اور عمران خان سے دردمندانہ اپیل ہے کہ آپ خدارامذاکرات کا راستہ اختیار کریں کیونکہ آخر میں ہرکسی کو مذاکرات کاہی راستہ اختیار کرنا پڑتا ہے۔