حکومتی مذاکراتی ٹیم سے خواجہ سعد رفیق کا نام نکالا جائے، چوہدری شجاعت

بدھ 20 اگست 2014 21:05

حکومتی مذاکراتی ٹیم سے خواجہ سعد رفیق کا نام نکالا جائے، چوہدری شجاعت

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں شامل خواجہ سعد رفیق کے نام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق سعد رفیق کا نام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمے داروں میں شامل ہے اس لئے انہیں مذاکراتی ٹیم میں شامل نہ کیا جائے۔عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عدالت نے اپنے حکم میں جن لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا کہا ہے اس میں سعد رفیق بھی شامل ہیں لہٰذا ان سے ہر گز مذاکرات نہیں ہوسکتے، حکومت فوری طور پر مذاکراتی ٹیم میں دیگر لوگوں کو شامل کرے ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن نے انقلاب مارچ کی بنیاد رکھی اور جہاں سے بات شروع ہوئی وہیں ختم ہوگی ۔

(جاری ہے)

صدر مسلم لیگ (ق) کا کہنا تھا کہ اس طرح کی جمہوریت عزیز نہیں جس میں 14 افراد کو دن دیہاڑے قتل کردیا جائے اور مقدمہ بھی درج نہ ہو، پانی سر سے گزر چکا ہے اور اب حکمراں وفد مذاکرات کے لئے آٰیا ہے۔ اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ حکومت کی سنجیدگی کا عالم یہ ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے لواحقین نے جن افراد کو قتل کے مقدمے میں نامزد کیا انہیں ہی مذاکرات کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔