اگر تصادم ہوا تو پھر فوج کے پاس کوئی چارہ نہیں رہے گا، الطاف حسین

اتوار 24 اگست 2014 19:04

اگر تصادم ہوا تو پھر فوج کے پاس کوئی چارہ نہیں رہے گا، الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اگست۔2014ء) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دھرنے دینے والے لچک کا مظاہرہ کریں اور حکومت بھی دو قدم پیچھے ہٹ جائے کیونکہ اگر تصادم ہوا تو پھر فوج کے پاس کوئی چارہ نہیں رہے گا۔لندن سے جاری بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم ایک جمہوریت پسند جماعت ہےاور ملک میں مارشل لا نہیں چاہتی جبکہ اگر ہم اس صورتحال میں مفاہمانہ کردار ادا نہ کرتے تو لاہور میں بڑا تصادم ہوجاتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فوج اور عوام ایک صفحے پر ہیں اور ہمارے بہادر جنرل کی قیادت میں فوج کے افسران وجوان قربانیاں دے رہے ہیں۔الطاف حسین نے کہا کہ سیاسی بحران کو افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے، دھرنے دینے والے لچک کا مظاہرہ کریں اور حکومت بھی دو قدم پیچھے ہٹ جائے کیونکہ اگر تصادم کا راستہ اختیار کیا گیا تو پھر فوج کے پاس کوئی چارہ نہیں رہے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی ووٹ ڈالنے اور انتخابات میں حصہ لینے کا حق ملنا چاہئے جس کے لیے آئین وقانونی اصلاحات کے ذریعے نظام میں موجود خرابیاں دور کی جائیں۔