مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے حق میں ریلیاں اور مظاہرے

اتوار 24 اگست 2014 23:03

مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے حق میں ریلیاں اور مظاہرے

اسلام آباد، فیصل آباد، کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اگست۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے تحت ملک بھر میں ’’استحکام پاکستان‘‘ کے نام سے حکومت اور نواز شریف کے حق میں ریلیاں اور مظاہرے کیے گئے۔فیصل آباد میں استحکام پاکستان ریلی کی قیادت سابق صوبائی وزیر قانون اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کی۔

ریلی سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئین کی بالادستی ہوگی، وزیر اعظم کو غیر آئینی طریقے سے نہیں ہٹایا جا سکتا، اقتدار کی سیاست کرنے والے کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عوام نے عمران خان کی سول نافرمانی تحریک کو مسترد کردیا، نواز شریف کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں آبپارہ چوک پر مسلم لیگ(ن) نے وزیر اعظم کے حق میں ریلی نکالی۔

وفاقی دارالحکومت میں رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری کی قیادت میں لیگی کارکنوں نے اسلام تجارتی مرکز آبپارہ میں ریلی نکالی۔ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے حق میں نعرے درج تھے۔مری میں نکالی جانے والی استحکام جمہوریت ریلی کی قیادت وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے کی۔خیبر پختونخوا کے علاقے شانگلہ میں وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام کی قیادت میں استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی۔

کراچی میں مسلم لیگ(ن) کی ریلی ریگل چوک سے کراچی پریس کلب تک منعقد کی جانی تھی مگر شاہراہ فیصل سے قافلوں کی صورت میں کارکن ریگل چوک پہنچے۔ملسم لیگ(ن) کی ریلی انتہائی منتشر رہی، ریلی کےآغاز ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جبکہ رلی کے دوران کارکن آپس میں لڑپڑے جس سے ایک کارکن زخمی ہوا۔ریلی کی وجہ سےشارع فیصل پرٹریفک جام ہوگیا۔اس کے علاوہ ملتان، حیدر آباد سمیت چند دیگر شہروں بھی وزیر اعظم کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔