تحریک انصاف کے کارکنان اپوزیشن جماعتوں کی ریلیوں کاجواب نہ دیں،پرویزخٹک

پیر 25 اگست 2014 21:19

تحریک انصاف کے کارکنان اپوزیشن جماعتوں کی ریلیوں کاجواب نہ دیں،پرویزخٹک

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو سختی سے منع کیا ہے کہ وہ صوبے کے کسی بھی شہر میں مسلم لیگ (ن) یا دیگر اپوزیشن جماعتوں کی ریلیوں کے جواب میں احتجاجی اجتماعات اور ریلیاں نکالنے سے گریز کریں کیونکہ اسکی وجہ سے سیاسی محاذ آرائی کی فضاء قائم ہو گی اور ہم اپنے صوبے سمیت ملک کے کسی بھی کونے میں تصادم نہیں چاہتے اسلام آباد میں ہمارا آزادی مارچ ایک آئینی اور جمہوری حق کے حصول کیلئے ہے ہمارے ہزاروں ورکروں نے ریڈ زون میں داخل ہو کر اور پارلیمنٹ اور وزیر اعظم ہاؤس تک انتہائی پرامن انداز میں پہنچ کر ثابت کیا ہے کہ ہم دنیا کی منظم ترین جماعت ہیں ہمارے کارکنوں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی آواز پرلبیک کہتے ہوئے پارلیمنٹ ہاؤس تک مارچ کیا مگر کوئی گملہ یا پودا تک نہیں توڑا اور نہ ہی پولیس اہلکاروں سے بد تمیزی کی بلکہ راستے بھر سکیورٹی والوں پر گل پاشی بھی کی کیونکہ ہم انہیں اپنے قومی وجود کا حصہ اور محافظ سمجھتے ہیں وہ اسلام آباد میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے عہدیداروں اورکارکنوں کے وفود سے باتیں کررہے تھے جنہوں نے وزیر اعلیٰ اورپی ٹی آئی کے دیگر قائدین سے مسلم لیگ (ن) اور بعض دیگر اپوزیشن جماعتوں کی ریلیوں کے خلاف جوابی ریلیاں نکالنے کی اجازت طلب کی تاہم پرویز خٹک نے واضح کیا کہ یہ جمہوری اور سیاسی طریقہ نہیں بلکہ تصاد م کا راستہ ہے جو پی ٹی آئی کے منشور میں نہیں ہم پوری قوم اور دوسری جماعتوں کے ورکرز کو بھی اپنے قومی وجود کا حصہ سمجھتے ہیں اور انکی زندگی ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے اور یہی ہمارے پارٹی قائد عمران خان کا ہمیں دیا پہلا سبق ہے پرویز خٹک نے کہا کہ ہم کسی ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ عظیم قومی مقصد کیلئے اسلام آباد کے آزادی مارچ میں جمع ہوئے ہیں اور اپنے اخلا ص کی بدولت انشاء الله فتح ہماری ہو گی ہم دیگر جگہوں میں ریلیاں نکال کر مخالفین اور عام لوگوں کیلئے مشکلات پیدا کرنے کے سراسر خلاف ہیں اور دیگر جماعتوں کے قائدین کو بھی یہ بات سمجھ لینی چاہیئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہم ایک ظالم و جابر حکمران اور دھاندلی شدہ حکومت کے سامنے چٹان کی طرح کھڑے ہو گئے ہیں اور ان پر واضح کر دیا ہے کہ انتخابی دھاندلی کی بیساکھیوں کی بدولت وہ نہ تووہ کامیاب حکمران بن سکتے ہیں اور نہ ہی غریب عوام کے مسائل حل کرسکتے ہیں کیونکہ دھاندلی اور کرپشن سے قائم حکومت سے کرپشن کے سوا خیر کی کوئی توقع نہیں رکھی جا سکتی جو تمام فیصلے دباؤ اورگروہی و ذاتی مفادات میں کرکے قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاتے ہیں اور ان غلط فیصلوں کا خمیازہ بالآخر غریب عوام کو ٹیکسوں میں اضافے کی صورت میں بھگتنا ہوتاہے اگر حکمرانوں کو قومی مفاد عزیز ہے تو اسکا بہترین اور باعزت طریقہ پرامن اور شائستگی کے ساتھ استعفیٰ اوردھاندلی کی حکومت کا خاتمہ ہے تاکہ ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے ایسی حکومت قائم ہو جو قومی امنگوں کے مطابق آزادانہ اور صحیح فیصلے کر سکے پرویز خٹک نے باہمی اتحاد اور نظم و ضبط کا بہترین مظاہرہ کرنے پر پارٹی کارکنوں کو زبردست الفا ظ میں خراج تحسین پیش کیا اور واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں انکی حکومت عوام کو مایوس نہیں کرے گی اور میرٹ، انصاف اور قانون کی بالادستی پر مبنی نظام کی تبدیلی کا ایجنڈا سو فیصد پایہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔