سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے استعفوں کا لفافہ کھول لیا

منگل 26 اگست 2014 14:49

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے استعفوں کا لفافہ کھول لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 2اگست 2014ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے ارکان کی طرف سے دئیے گئے استعفوں کا لفافہ کھول دیا ہے تاہم ان کی تفصیلی جانچ پڑتال قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کے ملتوی ہونے کے بعد کی جائے گی۔ اپنے چیمبر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ مجھے مختلف سیاسی جماعوں کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے استعفوں کی منظوری کے حوالے سے جلدی نہ کریں، میں غیر معینہ مدت تک کیلئے اس معاملے کو تو نہیں روک سکتا تاہم اس حوالے سے قانون پڑھ لیا، جس کے مطابق استعفوں کی منظوری کے حوالے سے وقت کی کوئی قید نہیں ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے رواںسیشن کے بعد ان استعفوں کو تسلی سے پڑھوں گا، تمام ارکان کو فرداً فرداً بلا کر تصدیق کروں گا کیونکہ کئی ارکان کی آواز میں فون پر نہیں پہچان سکتا، مجھے صرف اتنی تصدیق کرنی ہے کہ ارکان نے خود استعفے دئیے ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

استعفوں کی تعداد کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میری گنتی 25 کے بعد ختم ہوجاتی ہے،تاہم اتنا بتاسکتا ہوں کہ استعفےٰ ہاتھوں سے تحریر کئے گئے ہیں ، کچھ انگریزی میں ہیں اور کچھ اردو میں۔ استعفوں کے منظور ہونے کے لیے درکار وقت سے متعلق سوال پر انہوں نے معنی خیز انداز میں مسکراتے ہوئے کہا کہ سال دو سال بھی لگ سکتے ہیں۔