کراچی شہر میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری

منگل 26 اگست 2014 17:08

کراچی شہر میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) کراچی شہر میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے قانون نافذ کرنے والے ادرے کی جانب سے شہر میں امن وامان کی تسلی بخش صورتحال کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور شہرپولیس کا راج کم اور ٹارگٹ کلر زکا راج زیادہ نظر آتاہے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں‘ منگل کی صبح اورنگی ٹاؤن اور پٹیل پاڑہ میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ملیر اور گارڈن میں 2 افراد کو قتل کردیا گیا۔

تھانہ پیرآباد کی حدود اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی میں شہزاد سینما کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے‘ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئیں‘ پولیس کے مطابق مقتولین کی عمریں 22 سے 28 سال کے درمیان ہیں تاہم ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے لاشوں کی فوری طور پر شناخت ہوسکے۔

(جاری ہے)

پولیس نے لاشیں ایدھی ہوم سہراب گوٹھ کے سرد خانے میں رکھوا دی ہیں۔ تھانہ جمشید کوارٹر کی حدود پٹیل پاڑہ میں بزنس ریکارڈر روڈ پر نامعلوم ملزمان نے ہائی روف پر فائرنگ کرکے 35 سالہ ناتھا لال ولد جے رام کو ہلاک کردیا‘ مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ پیر کے روز شاہ لطیف تھانے کی حدود جام کھنڈو گوٹھ سے 22 سالہ حارث بلوچ ولد رفیق بلوچ کی ہاتھ اور پاؤں بندھی لاش برآمد کرلی گئی۔

ایس ایچ او شاہ لطیف ارشد اعوان کے مطابق مقتول کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں۔ مقتول ملیر سٹی کے علاقے ہاشم گوٹھ کا رہائشی تھا اور ورثاء کے مطابق وہ تدفین کے بعد مقدمہ درج کرائیں گے‘ مقتول کے اہلخانہ کے مطابق گزشتہ شب وہ گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگیا تھا ‘ شک ہے کہ مقول کو اغوا کے بعد قتل کرکے نعش کو ندی میں پھینکا گیا تھا۔ سولجر بازار کے علاقے گارڈن ویسٹ تھارو لین میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ عبدالعرف خالد ولد عبدالخالق ہلاک ہوگیا‘ پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق منشیات فروشوں سے تھا اور واقعہ دو گروپوں کے درمیان کشیدگی اور جھگڑے کا نتیجہ ہے۔

شاہ لطیف کے علاقے ظفر ٹاؤن ریلوے لائن پورٹ قاسم آفس کے قریب دو گولیاں کمر اور ہاتھ میں لگنے سے 55 سالہ خان دوا ولد ہاسو خان زخمی ہوگیا‘ زخمی کو جناح اسپتال لایا گیا‘ چاکیواڑہ کے علاقے میراں ناکہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 15 سالہ عامر ولد ایوب شدید زخمی ہوگیا‘ سول اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق زخمی کی حالت تشویشناک ہے جیکسن کے علاقے کیماڑی میں اکبر مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد ہارون ولد ابراہیم زخمی ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :