ٹنڈو الہ یار، ایم کیو ایم کے زونل انچارج نوید قائم خانی نے پریس کلب کے جنرل سیکرٹری غلام رسول نہڑیو کی سول ہسپتال جا کر عیادت کی

منگل 26 اگست 2014 17:48

ٹنڈوالہیار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈوالہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی ، جوائنٹ زونل انچارجز عبدالرحمان ایڈوکیٹ اور بابو احمد راجپوت نے مسلح افراد کے حملے میں زخمی ہونے والے پریس کلب کے جنرل سیکریٹری غلام رسول نہڑیو کی سول اسپتال جا کر عیادت کی اور انکے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا ۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر بشارت علی قائم خانی اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔

زونل انچارج نوید قائم خانی واراکین زونل کمیٹی نے غلام رسول نہڑیو کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی ۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلام رسول نہڑیو نے صحافتی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے ہمیشہ اپنے قلم کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

غلام رسول نہڑیو پر قاتلانہ حملہ قانون کی علمداری پر ایک سوالیہ نشان کی مانند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں ہر پر امن شہری کے لئے باعث تشویش بن چکی ہیں۔ مگر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران کی ترجیحات میں امن و امان کا قیام ایک ثانوی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غلام رسول نہڑیو پر حملے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری ضلع کے پولیس افسران کے لئے ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتی ہے۔ بصورت دیگر شہر کی عوام یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ انہیں جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ اور شہر کا امن بحال کرنے کے لئے عوام کو اپنی مدد آپ کے تحت اقدامات کرنا ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :