پاکستانی حاجیوں کیے علاج معالجے کے لئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 432رکنی طبی عملہ تعینات

منگل 26 اگست 2014 17:53

پاکستانی حاجیوں کیے علاج معالجے کے لئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) وزارت مذہبی امور نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستانی حاجیوں کے علاج معالجے اور انہیں ضروری طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہر ایک ہزار حاجیوں کے لئے ایک ڈاکٹر اور دو پیرا میڈکس کا تقررکر دیا ۔ پاکستان کے 144ڈاکٹروں اور288 پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل 432رکنی حج میڈیکل سٹاف نے سعودی عرب پہنچ کر مکہ اور مدینہ میں ا پنے فرائض سنبھال لئے ہیں ۔

حکومت پاکستان نے مکہ اور مدینہ میں دو ہسپتال قائم کرنے کے علاوہ حجاج کی سہولت کے لیے مکہ میں ہسپتال کے علاوہ 8ڈسپنسریاں جبکہ مدینہ منور میں 3ڈسپنسریاں بھی قائم کی ہیں جہاں کروڑوں روپے مالیت کی ضروری ادویات مہیا کی گئی ہیں۔کسی خاص بیماری مثلا شو گر‘ بلڈ پریشر وغیرہ میں مبتلا حاجی اس کا اندراج حاجی کیمپ کی ڈسپنسری میں موجود علاج کی کتاب میں کرائیں ۔

(جاری ہے)

اگر کوئی اور ضروری دوا استعمال کرتے ہیں تو اس کا نسخہ اپنے ڈاکٹر سے لکھوا کر ساتھ رکھیں۔سعودی عرب میں قیام کی مدت کے حساب سے یہ ادویات ضروری مقدار ساتھ لے جائیں اور اس مقصدکے لئے حاجی کیمپ میں وزارت صحت کے عملے سے سر بمہر کروا لیں ۔نظر کی عینک استعمال کرنے والے عازمین حج ایک سے زائد عینک بنوالیں۔گلے میں عینک لٹکانے والی ڈوری ضرور ساتھ لے لیں تاکہ عینک گرنے سے بچ سکے۔سعودی عرب میں قیام کے دوران عازمین حج ڈسپنسری میں جاکر اپنی پسند کی دوائی طلب نہ کریں بلکہ وہی دوائی استعمال کریں جو ڈسپنسری کا ڈاکٹر تجویز کرے۔