Live Updates

عمران خان کے عام انتخابات کے موقع پر اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے الزامات کروڑوں روپے کی قواعد کے خلاف ادائیگی کے ثبوت بھی سامنے آگئے

منگل 26 اگست 2014 20:03

عمران خان کے عام انتخابات کے موقع پر اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے الزامات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اگست 2014ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے عام انتخابات کے موقع پر اضافی بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے الزامات کے بعد کروڑوں روپے کی قواعد کے خلاف ادائیگی کے ثبوت بھی سامنے آگئے ہیں. آن لائن کو موصولہ دستاویزات کے مطابق 2013ء کے عام انتخابات کے موقع پر اضافی بیلٹ پیپرز کی خریداری کیلئے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے 83بیرونی ورکروں کو 24لاکھ 23ہزار517 روپے سے زائد کی ادائیگی کا انکشاف ہوا ہے یہ انکشاف 2012-13ء کی آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا ہے اور آڈٹ حکام نے ان ادائیگیوں پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کر لی ہے توقع کے پی اے سی کے اجلاس میں جلد اس معاملہ پر بحث کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ پیپرا قواعد کے خلاف ورزی کرتے ہوئے اضافی بیلٹ پیپرز کی خریداری کیلئے غیر قانونی طور پر معاہدہ کیا گیا جس کے تحت میسرز اے ایس ایل پیپرز لمیٹڈ کو 4فروری2013ء کو جاری ہونے والے پی او نمبر11225کے تحت 4کروڑ10لاکھ16ہزار روپے کا ٹھیکہ دیا گیا اور پہلا آرڈر ملنے کے بعد مزید 3کروڑ85لاکھ 99ہزار464روپے کا آرڈر دیا گیا،یہ آرڈر ہنگامی سپلائی کے نام پر مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان سیکورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کی منظوری سے دیا گیا۔

آڈٹ حکام نے اس پر اعتراض کیا ہے،جس کا توقع ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جائزہ لے گی۔دریں اثناء ایک اور رپورٹ کے مطابق 83بیرونی ورکروں کی خدمات حاصل کی گئیں جنہوں نے بیلٹ پیپر شائع کئے اور انہیں بے قاعدگی کرتے ہوئے 24لاکھ23ہزار517روپے کی ادائیگی کی گئی،اس میں سے اوور ٹائم کے طور پر بھی2کروڑ روپے کی ادائیگی کی گئی۔آڈٹ حکام کا کہنا ہے کہ میسرز حسین انٹرنیشنل سروسز سے 83ورکروں کا حصول اور انہیں 24لاکھ سے زائد کی ادائیگی قواعد کے خلاف کی گئی جس پر انتظامیہ سے جواب طلب کیا گیا ہے۔۔۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :