ای سگریٹ پر پابندی لگائی جائے،عالمی ادارہ صحت

بدھ 27 اگست 2014 12:44

ای سگریٹ پر پابندی لگائی جائے،عالمی ادارہ صحت

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء)عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے مطالبہ کیا ہے کہ عمارات کے اندر ای سگریٹ کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔جبکہ ادارے نے یہ بھی کہا ہے کہ ای سگریٹ کی بچوں کو خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنی چاہیے۔ڈبلیو ایچ او کی جانب سے شائع کی گئی رپورٹ میں ای سگریٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جب تک کسی بھی قسم کی ٹھوس تحقیق سامنے نہیں آتی تب تک یہ کہنا بالکل غلط ہوگا کہ ای سگریٹ تمباکونوشی ترک کرنے میں لوگوں کو مدد دیتی ہے۔

ادارے میں کام کرنے والے صحت کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ای سگریٹ کا استعمال کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔دوسری جانب ای سگریٹ کے حق میں مہم چلانے والے افراد کا کہنا ہے کہ اس کے استعمال کے حوالے سے قانون متناسب ہونے چاہیے۔

(جاری ہے)

ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں ماہرین نے یہ بھی کہا ہے کہ ای سگریٹ کے حوالے سے ہونے والی تشہیری مہم پر پابندی عائد کردینی چاہیے جو بچوں اور تمباکو نوشی نہ کرنے والے افراد کو ایسی ڈیوائیسز استعمال کرنے کا حوصلہ بڑھا سکتی ہیں۔

ماہرین نے مزید کہا کہ ای سگریٹ کے لیے پھل، کینڈی اور شراب کی طرز پر بنائے گئے ذائقے بھی استعمال نہیں ہونے چاہیں۔کچھ محققین کا کہنا ہے کہ ای سگریٹ پر پابندی کی وجہ سے لوگ ایک ایسی چیز سے محروم ہوجائیں جو انھیں سگریٹ کے مقابلے میں کم نقصان پہنچاتی ہے۔ای سگریٹ کے دو اجزاء ہوتے ہیں ایک سرے پر رقیق نکوٹین ہوتا ہے اور دوسری جانب دوبارہ چارج کی جانے والی بیٹری ہوتی ہے۔اس کا استعمال کرنے والا جب کش لگاتا ہے تو نکوٹین بخارات کے ذریعہ منہ میں تحلیل ہو جاتی ہے اور جو چیز دھواں نظر آتی ہے وہ بہت حد تک صرف بھاپ ہے۔