دبئی :ڈرائیونگ کے دوران میک اپ اور کنگھی پر جرمانہ

بدھ 27 اگست 2014 13:32

دبئی :ڈرائیونگ کے دوران میک اپ اور کنگھی پر جرمانہ

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء)متحدہ عرب امارات کی وزارتِ داخلہ نے دبئی میں ڈرائیونگ کے دوران میک اپ کرنے اور بال سنوارنے والی خواتین اور مرد حضرات کے لیے 272 ڈالرز جرمانے کی سزا مقرر کی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق وزارتِ داخلہ نے پولیس کے لیے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ''ڈرائیونگ کے دوران بال سنوارنے اور چہرے کا بناوٴ سنگھار کرنے کے عمل کو بھی خطرناک انداز میں گاڑی چلانے ایسا جرم سمجھا جائے۔

ایک اخباری رپورٹ کے مطابق موٹر کار چلانے والی کوئی بھی خاتون اگر میک اپ کرتے ہوئے پکڑی گئی تو اس پر مذکورہ جرمانہ عاید کیا جائے گا،ایک ماہ کے لیے اس کی گاڑی ضبط کر لی جائے گی اور اس کے لائسنس پر بارہ سیاہ نقاط لگا دیے جائیں گے۔دبئی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران اپنے بالوں کو کنگھی کرنے اور مخصوص عربی پگڑی درست کرنے والے مرد حضرات کو بھی اس جرمانے اور سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

دبئی پولیس کے عمومی محکمہ برائے ٹریفک کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرنل سیف مہیرالمرزوئی نے کہا ہے کہ ڈرائیوروں کی اس طرح کی خلاف ورزیاں وفاقی ٹریفک قانون کے زمرے میں آتی ہیں۔البتہ ٹریفک اشاروں پر موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے جانے والے ڈرائیوروں کو اس سے کم تر جرمانہ کیا جاتا ہے اور انھیں چار سیاہ نقاط کے مطابق جرمانہ کیا جائے گا۔

انھوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ''بعض ڈرائیور حضرات اس شق کو غلط طور پر سمجھے ہیں۔ان کا خیال ہے کہ اگر وہ ٹریفک اشارے پر رْکے ہوئے موبائل فون استعمال کررہے ہوں تو وہ اس شق کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوتے کیونکہ ان کی گاڑی چل نہیں رہی ہوتی ہے بلکہ وہ رکی ہوتی ہے لیکن اگر کوئی ڈرائیور موبائل فون استعمال کررہا ہو تو اس کی مکمل توجہ گاڑی چلانے پر مرکوز نہیں ہوتی ہے اور وہ ٹریفک میں خلل ڈالنے یا کسی حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔واضح رہے کہ دبئی ٹریفک پولیس نے اس سال اب تک ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے والے افراد کے خلاف 26533 کیس درج کیے ہیں۔