آئین میں وزیراعظم کو ہٹانے کا اختیار پارلیمنٹ کو ہے، چند ہزار لوگوں کے دھرنے وزیراعظم کو ہٹانے کا اختیار نہیں ،نثار کھوڑو

ہفتہ 30 اگست 2014 16:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2014ء) سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ آئین میں وزیراعظم کو ہٹانے کا اختیار پارلیمنٹ کو ہے، چند ہزار لوگوں کے دھرنے وزیراعظم کو ہٹانے کا اختیار نہیں رکھتے، تالیاں بجاتے ہوئے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں جمہوریت نہیں چاہئے، جمہوریت کو ہو گی تو ہم سب ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ایس پی او کے تحت ”سندھ ایجوکیشن بجٹ“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے الہیٰ بخش بلوچ، مصطفی بلوچ، ذوالفقار نظامانی، نور محمد، سعید الحسن، فیاض نائچ اور سیف عمران نے بھی خطاب کیا۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں معیار تعلیم کو بڑھانے کے لئے سندھ حکومت نے اساتذہ کے پے اسکیل میں اضافہ کیا ہے جس ان کی تنخواہیں دوگنی ہو گئی ہیں، اب اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ سندھ میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اور آنے والی نسل کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میٹرک، انٹر میڈیٹ اور بی اے کے طلباء و طالبات اپنے قریبی اسکولوں میں بچوں کو لیکچر دیں، ان کو 20 فیصد اضافی مارکس دیں گے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ تعلیم کو پرائمری سطح پر بہتر بنانے کے لئے ایسا سسٹم لا رہے ہیں جس سے گاؤں دیہات کے بچوں کو انگریزی زبان پر عبور حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں چھٹی جماعت سے 10 ویں جماعت تک کی لڑکیوں کے لئے اسکالر شپ اسکیم لائے ہیں اس کے لئے ایک ارب 20 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں، اس سے ایزی پیسہ کے ذریعے گاؤں کی بچیوں کو 3500 روپے اور شہر کی بچیوں کو 2500 روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ سالانہ بجٹ میں ایجوکیشن کے اداروں میں لیب میٹریل اور کھیلوں کے لئے بھی پروجیکٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ سندھ میں بڑی تعداد میں اسکول بند پڑے ہیں، ان میں سے کچھ ہم نے کھلوائے ہیں جبکہ جو اسکول بند ہیں انہیں کھلوانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اور اساتذہ کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کی بہتر تعلیم کے لئے انہیں اسکول لائیں تاکہ سندھ میں تعلیم میں بہتری آئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی آبادی 5 کروڑ ہے لیکن اس وقت 82 لاکھ بچے اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، باقی بچے مزدوری کر رہے ہیں، گاڑیاں صاف کر رہے ہیں، غربت کی وجہ سے اسکول نہیں جا پا رہے ہیں، سندھ میں تعلیم کو بچانے کے لئے ہم سب کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ملک میں سیاسی بحران ہے اور لوگ تالیاں بجاتے ہوئے کہہ رہے ہیں ہمیں جمہوریت نہیں چاہئے، جمہوریت ہے تو ہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین ہے، قانون ہے، ایک سسٹم ہے اس کے تحت لوگ منتخب ہو کر پارلیمنٹ میں آتے ہیں، چند ہزار لوگوں کے دھرنے سے وزیراعظم کو ہٹانے کا اختیار نہیں رکھتے، وزیراعظم کو ہٹانے کا اختیار صرف اور صرف پارلیمنٹ کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے قربانیاں دی ہیں اس لئے کسی کو بھی ہم یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ جمہوریت کی بساط لپیٹنے کے لئے کوئی غیر جمہوری طریقہ اپنائے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہم جمہوریت کی بقاء کے لئے لڑیں گے۔