پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا دوسرا دن، تحریک انصاف کے ارکان بھی موجود

بدھ 3 ستمبر 2014 12:31

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا دوسرا دن، تحریک انصاف کے ارکان بھی موجود

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3ستمبر 2014ء) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس دوسرے روز بھی جاری ہے اور اس دوران تحریک انصاف کے کارکن بھی موجود ہیں۔ اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق کی سربراہی میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری ہے، اس موقع پر تحریک انصاف کے ارکان بھی شریک ہیں۔ تحریک انصاف کے ارکان کی آمد پر حکومتی ارکان کی جانب سے نعرے بازی کی گئی جس پر اسپیکر نے انہیں روکتے ہوئے رولنگ دی کہ یہ ڈی چوک نہیں، ایوان ہے۔

موجودہ صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو 18ویں ترمیم ہضم نہیں ہورہی،اس ملک میں بیورو کریسی نے اس ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے، اگرآئین ختم کیا گیا توپاکستان کو دوسرا آئین دینے والا کوئی نہیں۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ چوری والے انتخابات خیبر پختونخوا میں ہوئے، ہم جنازے اٹھاتے رہے اور وہ جلسے کرتے رہے۔

ہمارے ہاتھ باندھے گئے اور دوسری ٹیم کو کہا گیا کہ گول کرتے جاؤ، ملک کی کسی جماعت سے اس پر زبان نہیں کھولی، ہم اس ملک کو بچانا چاہتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ جمہوریت کے بغیر یہ ملک نہیں چل سکتا۔ معاملات کے حل کےلئے پارلیمنٹ ہی بہترین فورم ہے لیکن انہیں بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ 14 ماہ بعد مشترکہ اجلاس بلایا گیا، حکومت نے جمہوری رویہ نہیں اپنایا، ہم وزیر اعظم کے ساتھ کھڑے ہیں، وہ کسی بھی صورت استعفیٰ نہ دیں کیونکہ پارلیمنٹ ان کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم اپنے گرد سیاسی لوگوں کو بٹھائیں۔