پہلے نوازشریف کا استعفیٰ لوں گا، پھرخود دوں گا،آخری پانچ اوورز کا میچ شروع ہوگیا ‘ شیخ رشید

بدھ 3 ستمبر 2014 15:46

پہلے نوازشریف کا استعفیٰ لوں گا، پھرخود دوں گا،آخری پانچ اوورز کا میچ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 ستمبر۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلے نوازشریف کا استعفیٰ لوں گا، پھرخود دوں گا،آخری پانچ اوورز کا میچ شروع ہوگیا،امپائرکی انگلی سفید کوٹ میں موجود ہے۔ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے شیخ رشید نے کہا کہ دھرنے والوں کو خانہ بدوش کہنا ان کی توہین ہے،انہوں نے شکایاتاً کہا کہ مجھے بغاوت کا ماسٹر مائنڈ کہا گیاہم جیل کاٹ لیں گے مگر شریف برادران کیلئے مشکل ہے۔

شیخ رشید نے الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے کمیشن کے قیام کے حوالے سے کہا کہ کمیشن ڈنگ ٹپاؤ ہوتے ہیں، پہلے بننے والے کمیشنوں کا کیا بنا جو اب کمیشن کے قیام سے بن جائیگا ۔ جاوید ہاشمی سے متعلق شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ ایسی باتیں کرتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران اور قادری کا ساتھ چلنا خوش آئند ہے نوازشریف نے جس دن مکمل سچ بولا، ان کی سیاسی زندگی کا آخری دن ہوگا۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ میرے خلاف نو مختلف ایف آئی آرز درج کرائی گئی ہیں چودھری نثار بتائیں کہ دو افراد کو گولیاں کیسے لگیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری کا وزیراعظم ہاوٴس تک جانے کا فیصلہ بہت دانشمندانہ ہے۔شیخ رشید نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے خورشید شاہ کو پیچھے کرکے اعتزاز احسن کو آگے کردیا ہے جاوید ہاشمی کے الزامات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات پر انہوں نے کہاکہ ہاشمی صاحب کو بچپن سے جانتا ہوں، ایسی باتیں کرتے رہتے ہیں۔