احمد شہزاد کے دلشان پر مذہب سے متعلق الفاظ کی پی سی بی نے تحقیقات شروع کردی

جمعرات 4 ستمبر 2014 14:57

احمد شہزاد کے دلشان پر مذہب سے متعلق الفاظ کی پی سی بی نے تحقیقات شروع ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4 ستمبر۔2014ء) سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں شکست کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔اسی دوران اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن کے اوپنر تلیکا رتنے دلشان کے بارے میں مذہب سے متعلق جملے کسنے پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے احمد شہزاد کو طلب کرکے اس واقعے کی تفصیلات معلوم کیں اور وضاحت طلب کی ہے۔

اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر معین خان نے واقعے سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میرے سامنے یہ واقعہ نہیں ہوا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ سری لنکا کرکٹ نے اس بارے میں ابھی تک کوئی شکایت نہیں کی ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دمبولا میں تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل کے ختم ہونے کے بعد ڈریسنگ روم آتے ہوئے احمد شہزاد نے دلشان سے قابل اعتراض نوعیت کی مذہبی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

احمد شہزاد کی بات چیت ٹیلی وڑن کیمرے نے ریکارڈ کر لی اور یہ فوٹیج اب سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بھی موجود ہے۔ اس میں احمد شہزاد کی آواز تو صاف ہے لیکن دلشان کا جواب واضح طور پر سنائی نہیں دے رہا۔پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔یہ جنرل ڈسکشن تھی جس میں معمول کی بات چیت ہورہی تھی۔احمد نے بتایا کہ ان کی دلشان سے ذاتی نوعیت کی بات چیت تھی۔

اس کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔تلیکا رتنے دلشان کے والد مسلمان تھے۔اور والدہ بدھ مت مذہب سے تعلق رکھتی ہیں۔ان کا پہلا نام توان محمد دلشان تھا۔1999میں انٹر نیشنل ڈیبیو کے وقت وہ مسلما ن تھے۔بعد میں وہ سنہالیز بدھسٹ بن گئے۔گذشتہ سال دسمبر میں متحدہ عرب امارت میں ہونے والی سیریز کے دوران بھی دلشان اور احمد شہزاد کے درمیان گرما گرمی ہوئی تھی۔میچ ریفری نے دلشان کو دھکا دینے پر احمد شہزاد کو میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :