طوفانی بارشوں کے باعث پنجاب اور کشمیرمیں ہلاکتوں کی تعداد 72 ہو گئی، درجنوں مکانات منہدم

جمعہ 5 ستمبر 2014 12:26

طوفانی بارشوں کے باعث پنجاب اور کشمیرمیں ہلاکتوں کی تعداد 72 ہو گئی، ..

لاپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5ستمبر 2014ء) پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 57ہوگئی ہے جب کہ دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث سیکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی ہے۔ پنجاب بھر میں گزشتہ 30 گھنٹوں سے جاری طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 57 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، شدید بارشوں کے بعد دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث سیکڑوں ایکٹر اراضی زیر آب آ گئی ہے جب کہ ارد گرد کے دیہات خالی کرا لئے گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے فلڈ ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دیں ہیں۔

طوفانی بارشوں کے باعث آزاد کشمیر میں بھی مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق جب کہ 35 زخمی ہو چکے ہیں، مظفر آباد میں دریائے نیلم، دریائے جہلم اور دریائے پونچھ میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے جب کہ ہنگامی حالت نافذ کر کے دریاؤں کے کنارے آباد بستیاں خالی کرا لی گئی ہیں، دریاؤں میں طغیانی کے باعث مظفر آباد کا دوسرے علاقوں سے زمینی ربطہ کٹ گیا ہے۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کے علاقے ہجیرہ میں پوٹھی چھپریاں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے کے باعث 500 افراد پھنس گئے، پھنسے افراد میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ ایک طرف لینڈ سلائیڈنگ اور دوسری جانب سیلابی ریلہ بہہ رہا ہے، آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا جارہا اس لئے حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ فوری مدد کی جائے اور قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچائی جائیں۔

سیالکوٹ میں دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جب کہ ایکسیئن ایری گیشن کا کہنا ہے کہ بھارت نے اکھنور میں 8 لاکھ کیوسک کا ریلہ چھوڑ دیا ہے، ہیڈ مرالہ سے 4 لاکھ91 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے جب کہ سیالکوٹ میں نالہ ایک سے 20 ہزار کیوسک کا ریلہ گرز رہا ہے۔ راولپنڈی میں بھی شدید بارشوں کے باعث دریائے سواں میں طغیانی آ گئی جس کی وجہ سے راول ڈیم کے اسپل وے کھول دیئے گئے جب کہ اونچے کا سیلابی ریلہ اڈیالہ اور چونترہ سے دیہاتوں میں داخل ہو گیا جس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں پھنس کر رہ گئے، دریائے سواں کے قریب کچی آبادیاں پانی میں بہہ گئیں۔

ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال کا کہنا ہے کہ شہر میں ایمرجنسی نافذ ہے جب کہ پاک فوج کی ٹرپل ون بریدیگیڈ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 2 سے 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :