پاکستان میں شمسی توانائی سے 7 لاکھ میگا واٹ بجلی پیدا ہو سکتی ہے‘ ماہرین

جمعہ 5 ستمبر 2014 12:42

پاکستان میں شمسی توانائی سے 7 لاکھ میگا واٹ بجلی پیدا ہو سکتی ہے‘ ماہرین

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5ستمبر 2014ء) پاکستان جسے پچھلے کئی سالوں سے توانائی کے سنگین بحران کا سامنا ہے اس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ شمسی توانائی کے ذریعے پاکستان میں 7لاکھ میگا واٹ تک بجلی پیدا کرنے کی استعداد موجود ہے۔ سولر انرجی کے ماہرین کے مطابق پاکستان میں روزانہ اوسطاً 16 گھنٹے تک روشنی موجود ہوتی ہے۔ اگر اس روشنی کو صحیح طریقے سے استعمال میں لایا جائے تو پاکستان شمسی توانائی سے 7لاکھ میگا واٹ تک بجلی حاصل کر سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق کہ اگر سورج کی حرارت کا صرف 0.2فیصد حصہ استعمال میں لایا جائے تو اس سے پیدا ہونے والی بجلی پوری دنیا کے لیے کافی ہوگی۔ یاد رہے کہ پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومتی سطح پر منصوبہ بندی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ترقی یافتہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ماحول دوست ، پائیدار اور محفوظ طریقے سے بجلی حاصل کرنے کے لیے شمسی توانائی کی طرف توجہ دی جا رہی ہے۔

اس ضمن میں بہاولپور میں پاکستان کے پہلے بڑے سولر پاور پارک کا افتتاح کیا جاچکا ہے۔ یہ رواں برس دسمبر تک 100 میگا واٹ بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ 2016 کے اختتام تک اس سولر پارک سے بجلی کی پیداوار بڑھ کر ایک ہزار میگا واٹ تک جا پہنچے گی۔ واپڈا ہر سال 250 سے 300 ارب روپے سبسڈی دیتا ہے ، اگر ہر سال اس سبسڈی کا 30 فیصد تک حصہ بھی سولر سسٹم نصب کرنے کے لیے لگایا جائے تو اگلے 15 سال کے اندر شہری آبادی کا 80 فیصد حصہ شمسی توانائی پر منتقل کیا جا سکتا ہے جس سے گرڈسٹیشنز پر لوڈ بھی کم ہوگا۔

بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر سال 2020 تک ملک کوتقریبا 40 ہزار میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہو گی۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کے پاس موجود وسائل یعنی شمسی توانائی اور دیگر متبادل طریقوں کی پیدواری صلاحتیں ، اگر درست طریقے سے استعمال کی جائیں تو ملک میں ضرورت سے کئی گنا زیادہ بجلی پیدا ہوسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :