چینی سربراہ کو پاکستان نہ آنے کی دھمکی نہیں دی، ان کا بھرپور استقبال کیا جائیگا‘ طاہر القادری،مذاکرات کیلئے آنیوالی کمیٹیاں بے اختیار ہوتی ہیں، حقیقی جمہوریت کیلئے جنگ پر امن ہے‘ سربراہ عوامی تحریک

جمعہ 5 ستمبر 2014 20:01

چینی سربراہ کو پاکستان نہ آنے کی دھمکی نہیں دی، ان کا بھرپور استقبال ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5ستمبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ہم نے چینی سربراہ کو پاکستان نہ آنے کی دھمکی نہیں دی، ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا،مذاکرات کیلئے آنیوالی کمیٹیاں بے اختیار ہوتی ہیں، حقیقی جمہوریت کیلئے جنگ پرامن ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر القادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ہمارے خلاف ہی ایف آئی آر کاٹ دی گئی، وزیراعلی پنجاب نے تحقیقات پر مستعفی ہونے کا کہا تھا، جب تک شہباز شریف مستعفی نہیں ہوتے شفاف انکوائری نہیں ہوسکتی، پنجاب حکومت لاہور واقعے میں مکمل طور پر ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کیلئے آنیوالی حکومتی کمیٹیاں بے اختیار ہوتی ہیں، سیاسی جرگے نے مذاکرات بحالی کی درخواست کی، انصاف مانگنے والوں کو دہشتگرد کہا جارہا ہے، کئی سال گزر جاتے ہیں ملزمان کو سزائیں نہیں ملتیں، ایک ہی جوہڑ سے گدھے اور انسان پانی پیتے ہیں، کیا حق صرف پارلیمنٹ میں بیٹھے افراد کیلئے ہے۔

(جاری ہے)

عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ حقیقی جمہوریت کیلئے اب پرامن جنگ ہے، دھرنے والوں نے یلغار نہیں کی۔ چینی صدر کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومتی نااہلی کے باعث چینی سربراہ نہیں آئے، ہم نے چینی سربراہ کو نہ آنے کی دھمکی نہیں دی، ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔