محکمہ موسمیات کی بارشوں کےسلسلےمیں بتدریج کم ہونیکی پیشگوئی

ہفتہ 6 ستمبر 2014 13:11

محکمہ موسمیات کی بارشوں کےسلسلےمیں بتدریج کم ہونیکی پیشگوئی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6ستمبر 2014ء) محکمہ موسمیات نے متاثرین سیلاب کیلئے اچھی خبر دی ہے کہ طوفانی بارش میں کمی آچکی ہے اور یہ سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران بتدریج کم ہو کر ختم ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف، جب کہ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ابر آلود ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں اور پنجاب کے شمال مشرقی حصوں میں تین روز سے جاری شدید بارشوں کے سلسلے میں کمی آ چکی ہے اور آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران یہ سلسلہ بتدریج کم ہو کر ختم ہو جائے گا۔



آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع صاف رہنے کا امکان ہے اس دوران راول پنڈی ،گوجرانوالہ، ہزارہ، لاہور، ڈی جی خان، ملتان ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت دریاﺅں میں مختلف مقامات پر پانی کے بہاﺅ کی تازہ ترین صورت حال کچھ اس طرح ہے۔



دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ چالیس ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ تیس ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب میں رسول کے مقام پر پانی کی آمد اور اخراج تین لاکھ اکانوے ہزار کیوسک ہے۔ دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد تین لاکھ ، تئیس ہزار، اخراج تین لاکھ بتیس ہزار ، خانکی میں آمد اور اخراج چھ لاکھ ساٹھ ہزار، قادرآباد میں آمد چھ لاکھ پچپن ہزار، جب کہ اخراج چھ لاکھ انچاس ہزار کیوسک ہے۔



تین دن میں سب سے زیادہ بارش لاہور میں چار سو اٹھانوے ،سیالکوٹ چار سو بہتر، راولاکوٹ چار سو چونسٹھ ،کوٹلی چار سو دس، منگلا تین سو تینتیس، راول پنڈی تین سو دو اور اسلام آباد میں تین سو اٹھائیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا