نثار، اعتزاز تنازعہ: وزیرداخلہ کو پریس کانفرنس کی اجازت مل گئی

ہفتہ 6 ستمبر 2014 14:38

نثار، اعتزاز تنازعہ: وزیرداخلہ کو پریس کانفرنس کی اجازت مل گئی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6ستمبر 2014ء) وزیرداخلہ چوہدری نثار اور وزیراعظم نوازشریف کے درمیان ہفتے کو ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثاراور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اعتزاز احسن کے مابین ہونے والی تلخ کلامی اور دھرنوں سے متعلق معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ نمائندہ ڈان نیوزکے مطابق ملاقات میں چوہدری نثار کی جانب سے اعتزاز احسن کے خلاف دیے جانے والے بیان پر پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں غلط فہمیوں کا شکار ہونے کے بجائے سیاسی فہم و فراست سے مسئلے کو حل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بحران میں جمہوریت کو بچانے میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا ہے، لہذا ایسی کوئی بات نہ کی جائے جس سے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان تلخیاں پیدا ہوں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد اتفاق ہوا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار ہفتے کو اپنی پریس کانفرنس میں پیدا ہونے والی غلط فہمی کو دور کریں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ روز بھی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے تین گھنٹے طویل ملاقات کی تھی ، جس میں انھیں ہفتے کی صبح کی جانے والی پریس کانفرنس ملتوی کرنے پر آمادہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعرات کو ایک تنازعے کو تحریک دے دی، انہوں نے پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن پر براہِ راست حملہ کرتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ مرحومہ بے نظیر بھٹو کا نام اپنے کاروباری مفاد، ذاتی فوائد کے حصول اور ملک میں سب سے بڑے لینڈ مافیا کو سہولت پہنچانے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :