جماعةالدعوة نے سیلاب زدہ علاقوں میں فری ٹرانسپورٹ سروس اور میڈیکل کیمپنگ کا آغاز کر دیا

ہفتہ 6 ستمبر 2014 18:59

جماعةالدعوة نے سیلاب زدہ علاقوں میں فری ٹرانسپورٹ سروس اور میڈیکل ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6ستمبر 2014ء) جماعةالدعوة نے سیلاب زدہ علاقوں میں فری ٹرانسپورٹ سروس اور میڈیکل کیمپنگ کا آغاز کر دیا ۔ متاثرین میں پکی پکائی خوراک بھی تقسیم کی جارہی ہے۔موٹر بوٹ سروس کے ذریعہ گذشتہ روز بھی متاثرہ افراد اور ان کے سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ہفتہ کو سینکڑوں افراد میں پکا پکایا کھانا تقسیم کیا گیا۔

سیالکوٹ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جماعةالدعوة کے رفاہی ادارے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکار سول ہسپتال، بھرت پلی، میگ ٹاؤن، رنگ پورہ، سبزی منڈی، اسلام آباد محلہ، بجوات پل، شفیع کا بھٹہ و دیگر علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے فری ٹرانسپورٹ سروس شروع کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کیلئے ایف آئی ایف کی ایمبولینسوں اور گاڑیوں کے ذریعہ پانیوں میں پھنسے ہوئے لوگوں اور ان کے سامان کو محفوظ مقامات تک پہنچایا جارہا ہے۔

جماعةالدعوة کے رضاکار جہلم، وزیر آباد اورحافظ آبادکے سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو موٹر بوٹس کے ذریعہ محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں۔ اسی طرح متاثرین میں پکی پکائی خوراک بھی تقسیم کی جارہی ہے۔ ملتان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق خانیوال، عبدالحکیم، میاں چنوں، کبیر والا اور دیگر علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایف آئی ایف کے سروے ٹیمیں دریائی علاقوں کے دورے کر رہی ہیں۔ جماعةالدعوة کے سینکڑوں رضاکار امدادی سرگرمیوں کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :