بھارتی آبی دہشت گردی سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، حافظ محمد سعید ،شدید بارشوں کے دوران بھارت نے جان بوجھ کر دریاؤں میں پانی چھوڑ کر پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پیدا کی،امیر جماعة الدعوة

ہفتہ 6 ستمبر 2014 19:48

بھارتی آبی دہشت گردی سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، حافظ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6ستمبر 2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران بھارت نے جان بوجھ کر دریاؤں میں پانی چھوڑ کر پاکستان میں سیلاب کی صورتحال پیدا کی۔ اس کی آبی دہشت گردی سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئی ہیں۔جماعةالدعوة سیلاب سے متاثرہ ہر شہر و علاقے میں ریلیف و ریسکیو آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعةالدعوة کے رضاکار متاثرہ لوگوں اور ان کے امدادی سامان کوموٹر بوٹس کے ذریعہ محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔اسی طرح متاثرہ بھائیوں تک پکی پکائی خوراک پہنچانے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔پوری قوم کو مصائب و مشکلات میں مبتلا اپنے بھائیوں کی دل کھول کر مدد کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

کارکنان و ذمہ داران کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بارشوں کے موسم میں انڈیا جب چاہتا ہے ڈیموں میں بھرا ہوا پانی چھوڑکر سیلاب کی صورتحال پیدا کر دیتا ہے۔

سیلابوں کا راستہ روکنے کیلئے بھارتی آبی دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعةالدعوة کے ہزاروں رضاکار ماضی میں بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہوئے متاثرین کیلئے ریلیف و ریسکیو آپریشن میں حصہ لیتے رہے ہیں اب بھی جب ملک کے بیشتر علاقے ناگہانی آفت سے دوچار ہیں رضاکاروں کی کثیر تعداد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے اور ہزاروں رضاکارمختلف علاقوں میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ریلیف و ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔

حافظ محمد سعید نے کہاکہ جماعةالدعوة کے ذمہ داران بارشوں و سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ جہاں کہیں بھی متاثرین کی مددکی ضرورت ہو گی رضاکار فوری طور پر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں کارکنان و ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر لوگوں کا سامان محفوظ مقامات پر منتقل کریں اور متاثرین میں پکی پکائی خوراک تقسیم کریں۔

شدید بارشیں و سیلاب اللہ کی ناراضگی کا نتیجہ ہیں۔ حکمران و عوام اللہ تعالیٰ سے گناہوں کی معافی مانگیں اورتوبہ و استغفار کریں۔بارشوں و سیلاب سے بے پناہ نقصانات ہوئے ہیں۔ فصلوں اور لوگوں کی املاک کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان حالات میں ہر شخص کو آگے بڑھ کر متاثرہ بھائیوں کی مدد کا فریضہ سرانجام دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو پاکستانی دریاؤں پر ڈیموں کی تعمیر سے نہ روکا گیا تو آنے والے دنوں میں اور زیادہ سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ان حالات میں کہ جب لاکھوں پاکستانی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں پوری پاکستانی قوم کو بڑھ چڑھ کر ان کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ روزبروز طول پکڑتا جا رہا ہے۔ وہ ایک طرف پاکستانی دریاؤں پر غیر قانونی ڈیم بناکراپنی بنجر زمینوں کو سیراب کر رہا ہے۔ہمارے ہی دریاؤں سے بجلی پیدا کر کے پاکستان کو فروخت کرنے کے منصوبے بنا رہا ہے اوردوسری طرف بارشوں کے دوران ڈیموں میں ذخیرہ کیا گیا پانی چھو ڑ کر ہمارے لہلہاتے ہوئے کھیت کھلیان برباد کر رہا ہے۔ اس صورتحال پر پاکستانی حکمرانوں کو کسی صورت خاموش نہیں رہنا چاہیے بلکہ بھارتی آبی جارحیت روکنے کیلئے بھرپور کردار اداکرنا چاہیے۔