چوہدری نثار نے جو الزامات لگائے اس کو کمیشن اور میڈیا میں غلط ثابت کرسکتا ہوں، اعتزازاحسن

ہفتہ 6 ستمبر 2014 20:54

چوہدری نثار نے جو الزامات لگائے اس کو کمیشن اور میڈیا میں غلط ثابت کرسکتا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6ستمبر۔2014ء) پیپلزپارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے مجھ پر لگائے جانے والے الزامات کو کمیشن اور میڈیا کے سامنے غلط ثابت کرسکتا ہوں۔نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ اگر چوہدری نثار کی جانب سے مجھ پر الزامات نہ لگائے جاتے تو پارلیمنٹ میں تقریر کرنے کی نوبت ہی نہ آتی، انہوں نے مجھ پر ایل پی جی کوٹہ اور سیاست میں کرپشن کا الزام لگایا تھا لیکن میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو کمیشن اور میڈیا کے سامنے غلط ثابت کرسکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپوزیشن میں ہوں اور میرا کام حکومت پر تنقید کرنا جب کہ حکومت کا کام تنقید کو برداشت کرنا ہے، چوہدری نثار کی پریس کانفرنس کو پوری طرح اپناتے ہوئے ان کی جانب سے استعمال کئے جانے والے لفظ درگزر کو قبول کرتا ہوں کیوں کہ یہ وقت بہتری کی طرف جانے کا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو ملک اور جمہوریت کے مستقبل کی خاطر درگزر کرتا ہوں لیکن سچ اور جھوٹ قوم کے سامنے لانے کے لئے ایک کمیشن بنایا جائے، اگر مجھ پر لگائے گئے الزام میں سے ایک فیصد بھی حقیقت سامنے آئے تو میں ناصرف وزارت بلکہ سیاست سے ہی کنارہ کشی اختیار کرلوں گا۔