Live Updates

تحریک انصاف نے سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ، عمران خان ممتاز علی بھٹو کو تحریک انصاف میں اپنے پورے گروپ اور ساتھیوں کے ہمراہ شمولیت کی دعوت، امیر بخش بھٹو کو تحریک انصاف سندھ کا صوبائی صدر بنانے کی پیشکش

اتوار 7 ستمبر 2014 20:26

تحریک انصاف نے سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف نے سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جہاں پارٹی چیئرمین عمران خان نے سندھ میں مسلم لیگ ن کے اہم اتحادی و سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین ممتاز علی بھٹو کو تحریک انصاف میں اپنے پورے گروپ اور ساتھیوں کے ہمراہ شمولیت کی دعوت دی ہے۔عمران خان نے ممتاز بھٹو کو جاوید ہاشمی کی جگہ پارٹی کا مرکزی صدر اور ان کے بیٹے امیر بخش بھٹو کو تحریک انصاف سندھ کا صوبائی صدر بنانے کی پیشکش کی ہے، دونوں راہنماوٴں کے درمیان ہی جلد ہی کراچی میں ملاقات ہوگی۔

ممتاز بھٹو نے عمران خان کی طرف سے شمولیت کی دعوت کے بعد پارٹی راہنماوٴں اور سیاسی رفقاء کا اہم اجلاس بھی طلب کر لیا جہاں اس اجلاس میں تحریک انصاف میں شمولیت بارے مشاورت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

باخبر ذرائع کے مطابق اتوار کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین و مسلم لیگ ن کے سندھ کے اہم اتحادی ممتاز بھٹو کو فون کرکے انہیں تحریک انصاف میں ساتھیوں سمیت شمولیت کی دعوت دی ہے اور کہا کہ ان جیسے اصول پسند اور مخلص سیاسی لیڈروں کی اس وقت پوری قوم اور تحریک انصاف کو سخت ضرورت ہے اور ان جیسے اصول پسند سیاستدان بے اصول لوگوں کے اتحاد میں کھڑے اچھے نظر نہیں آتے، جمہوریت کے نام پر سب چور اکٹھے ہوگئے اور تمام سیاسی اصولوں کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان نے ممتاز بھٹو جاوید ہاشمی کی جگہ پارٹی صدر اور ان کے بیٹے و وزیر اعظم کے مشیر امیر بخش بھٹو کو تحریک انصاف سندھ کا صوبائی صدر بنانے کی پیشکش کی ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان اس وقت سندھ میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو ٹف ٹائم دینا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ اس وقت ممتاز بھٹو کے ذریعے ناصرف تحریک انصاف سندھ میں کچھ تبدیلیاں لانے کا سوچ رہے ہیں بلکہ اس اتحاد کو مضبوط بنانے کے لئے نئی صف بندی بھی کر رہے ہیں جہاں امکان یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ممتاز بھٹو کی تحریک انصاف میں شمولیت کی صورت ان کے ساتھ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سندھ کے دیگر اہم راہنماوٴں کا ایک بڑا گروپ بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کرے گا۔

ذرائع کے مطابق ممتاز بھٹو کی تحریک انصاف میں شمولیت کی صورت میں ان کے ساتھ پیپلز پارٹی کے راہنماوٴں حبیب خان بلوچ اور عزیز بلوچ سمیت دیگر کئی اہم سیاستدانوں کا بھی تحریک انصاف میں شمولیت کا قوی امکان ہے۔دوسری جانب سے سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عمران خان کی طرف سے ممتاز بھٹو کو فون آیا تھا تاہم ان کے مطابق ممتاز بھٹو کی جانب سے پارٹی راہنماوٴں اور سیاسی رفقاء کا اجلاس طلب کیا جانا معمول کی بات ہے اور ابھی انہوں نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات