Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے الزامات مذاکراتی میز پر پیش کئے جانے چاہیے ‘ پرویزرشید

پیر 8 ستمبر 2014 16:40

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے الزامات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے الزامات مذاکراتی میز پر پیش کئے جانے چاہیے ‘حکومت الیکشن ٹربیونلز کے امور میں مداخلت نہیں کرسکتی ‘فوٹیج اور نادرا کے ریکارڈ کی مدد سے پی ٹی وی پرحملے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔

نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ 14 ماہ سے اپنی تقاریر میں الزامات لگا رہے ہیں جنہیں حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے نہیں پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل میں جو مطالبات پیش کئے گئے ان کا تعلق الیکشن کمیشن کے کام کے طریقہ کار سے تھا اور حکومت الیکشن ٹربیونلز کے امور میں مداخلت نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو انتخابی ٹربیونلز کے کام کی رفتار قابل قبول نہیں تو پھر عمران خان کو پارلیمنٹ میں اپنی تجاویز پیش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کے عدم تعاون کے باعث زیادہ تر کیسز میں تاخیر ہوئی ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ لانگ مارچ سے قبل حکومت نے انتخابی اصلاحات کیلئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے دھاندلی کے الزامات کی چھان بین کیلئے ایک عدالتی کمیشن کا بھی اعلان کیا۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے ایک جرگہ تشکیل دیا جو مذاکراتی عمل کی بحالی میں سہولت کا کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سول نافرمانی کی اپیل خیبرپختونخوا کے عوام نے بھی مسترد کی جہاں ان کی اپنی حکومت ہے۔ پی ٹی وی کی عمارت کے حملے پر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوٹیج اور نادرا کے ریکارڈ کی مدد سے حملے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات