انتہا پسندی اور فرقہ واریت ختم کئے بغیر پاکستان ترقی یافتہ ریاست نہیں بن سکتا، الطاف حسین

جمعرات 11 ستمبر 2014 11:43

انتہا پسندی اور فرقہ واریت ختم کئے بغیر پاکستان ترقی یافتہ ریاست نہیں ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے الطاف حسین نے کہا ہے کہ مذہبی انتہاء پسندی اور فرقہ واریت ختم کئے بغیر پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست نہیں بنایا جاسکتا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے 66 ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ملک میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا فروغ چاہتی ہے تاکہ ملک میں قومی یکجہتی کو پروان چڑھایا جاسکے، ایم کیوایم چاہتی ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی تعلیمات کے مطابق پاکستان کو جمہوری، لبرل، روشن خیال مملکت بنایا جائے، ملک میں ایسے معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے جہاں بلاامتیاز رنگ ونسل، زبان، قومیت، مسلک اور مذہب تمام شہریوں کو اپنے اپنے عقائد کے مطابق عبادت کرنے اور زندگی گزارنے کاحق حاصل ہو۔

(جاری ہے)

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ چاہتی ہے کہ ملک سے مذہبی انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہو، غیرمسلم پاکستانیوں سمیت تمام شہریوں کو برابری کی بنیاد پر حقوق ملیں اور پاکستان ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے کیونکہ مذہبی انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کئے بغیر پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست نہیں بنایا جاسکتا۔